ممبئی: ہندوستانی کامیڈی شو کے میزبان کپل شرما کے نئے شو نے آتے ہی اپنے لیے پریشانیوں کا آغاز کر دیا اور اس بار ہندوستانی پنجاب کی نرسز نے شو کے خلاف مظاہرہ شروع کر دیا۔ بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق سونی چینل پر نشر ہونے والا کپل شرما کا نیا شو اس وقت مشکل کا شکار ہوا جب ہسپتال کی نرسز نے شو میں اپنے کام کا مذاق اڑاتے دیکھا۔ خبر کے مطابق نرسز نے اس شو کے خلاف ایک مقدمہ بھی درج کرایا ہے جس میں شو کے میزبان کپل شرما اور نوجوت سنگھ کا نام شامل ہے۔ شو کے پروڈیوسر اور ہدایت کار نے تو اب تک اس کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی تاہم شو کے ممبر کیکو کا ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ شو کے دوران خاص طور پر کسی کا مذاق نہیں اڑایا گیا اور ان کا مقصد کسی کا دل دکھانے کا نہیں تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل کپل شرما کا کامیڈی شو کلرز چینل پر دکھایا جاتا تھا تاہم چینل سے کپل کے اختلافات کے باعث اس شو کو بند کر دیا گیا۔ کلرز کے شو کامیڈی نائٹس ود کپل کو بھی متعدد بار کسی نہ کسی وجوہات کے باعث پابندی کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے۔
کپل شرما کا نیا شو بھی بند ہونے کے قریب
