ہالی ووڈ میں آپ صرف جان پہچان سے کہیں نہیں گھس سکتے

بالی وڈ میں اپنی اداکاری سے مقام حاصل کرنے والے عرفان خان آج کل اپنی نئی فلم ’مداری‘ اور ہالی وڈ کی فلم ’انفرنو‘ کے حوالے سے تذکروں میں ہیں۔فلم ’مداری‘ کے ٹریلر کی لانچنگ کے موقعے پر عرفان نے بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں اپنی فلم کے علاوہ انڈسٹری کے دوسرے اداکاروں کے بارے میں بھی خیالات بھی پیش کیے۔عرفان نے اپنے ہالی وڈ کریئر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہالی وڈ میں کام کرنا بالی وڈ میں کام کرنے سے کہیں زیادہ مشکل ہے۔بھارت سے اداکارہ پرینکا چوپڑا کے علاوہ صرف عرفان خان ہی ہیں جنھیں ہالی وڈ میں مسلسل کام مل رہا ہے۔وہ کہتے ہیں: ’وہاں بہت کچھ آپ کے ایجنٹوں پر منحصر ہوتا ہے اور کئی بار آپ میں صلاحیت ہے تو بھی آپ کو کام کے لیے انتظار کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ آپ ایسے ہی، جان پہچان سے کہیں نہیں گْھس سکتے۔‘اپنے کریئر کے ابتدائی دنوں ہی سے سنیما کی دنیا سے وابستہ عرفان خان ’دا نیم سیک،‘ ’سلم ڈاگ ملینیئر،‘ ’سپائیڈر مین،‘ ’لائف آف پائی‘ اور ’جراسک ورلڈ‘ جیسی درجن بھر فلموں کا حصہ رہے ہیں اور اب وہ ہالی وڈ کے مشہور اداکار ٹام ہینکس کے ہمراہ ’انفرنو‘ میں نظر آئیں گے۔اپنے علاوہ پرینکا چوپڑا کے ہالی وڈ جانے سے متعلق ایک سوال پر عرفان کہتے ہیں: ’پرینکا بہت ہنرمند اداکارہ ہیں اور جتنے کم وقت میں انھوں نے ہالی وڈ میں جگہ بنائی ہے وہ قابل تعریف ہے۔‘وہ مزید کہتے ہیں: ’پرینکا شہرت کی جس بلندی پر ہیں وہ اس سے کہیں زیادہ کی مستحق ہیں، اور آپ کچھ بھی سوچیں لیکن سچ یہ ہے کہ وہ بہت ہی باصلاحیت ہیں اور جہاں ابھی ہیں وہ اسی کی مستحق ہیں۔‘عرفان کی ہندی فلم ’مداری‘ کے ٹریلر سے ایک دن پہلے ہی نوازالدین کی فلم ’رمن راگھو 2.0‘ کا ٹریلر بھی ریلیز ہوا ہے۔ان دونوں اداکاروں کی آپس میں نہیں بنتی، اس لیے نواز سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال پر عرفان ذرا گڑبڑا سے گئے۔نواز کی کون سی فلم انھیں سب سے زیادہ پسند ہے؟ اس سوال پر عرفان نے کہا: ’لنچ باکس، اور اس سے پہلے کہ آپ کسی اور فلم کے بارے میں پوچھیں میں بتا دوں کہ میں نے ان کی کوئی اور فلم نہیں دیکھی۔‘سنہ 2013 میں آئی فلم ’لنچ باکس‘ واحد فلم ہے جس میں ان دونوں اداکاروں نے ایک ساتھ کام کیا تھا اور اس کے بعد سے ہی دونوں کے درمیان ان بن کی خبریں آئی تھیں اور پہلے بھی کئی بار عرفان اور نواز ایک دوسرے کے بارے میں بات کرنے سے کتراتے رہے ہیں۔