دھونی کے سامنے خود کو ثابت کرنے کا چیلنج

وشاکھاپٹنم، 9 مئی (یو این آئی) مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی والی ٹیم رائزنگ پنے سپرجائنٹس منگل کو جب یہاں وائی ایس راجشیکھرا ریڈی اسٹیڈیم میں آئی پی ایل -9 میں سنرائزرس حیدرآباد کی ٹیم کے سامنے کھیلنے اترے گی تو اس کا مقصد خود کو ثابت کرنے کا ہوگا۔ٹورنامنٹ میں خراب دور سے گزر رہی پنے کی ٹیم ابھی تک فاتحانہ کارکردگی کا مظاہرہ کر نے میں ناکام رہی ہے ۔پنے کو اپنے پچھلے مقابلے میں رائل چیلنجرز بنگلور کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔حالانکہ اس سے پہلے اس نے بھلے ہی دہلی ڈئیر ڈیولس کو سات وکٹ سے شکست دے دی ہو لیکن اس کے کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں کچھ خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے ۔دوسری طرف سنرائزرس حیدرآباد نے اپنے گزشتہ دونوں مقابلوں میں شاندار جیت درج کی ہے ۔حیدرآباد نے گزشتہ چمپئن ممبئی انڈینس کو 85 رن کے بڑے فرق سے شکست دی تھی جبکہ اس سے پہلے اس نے تجربہ کار سریش رینا کی کپتانی والی گجرات لائنس کو بھی پانچ وکٹ سے شکست دی تھی۔ان دونوں جیت سے اس کے حوصلے مکمل طور بلند نظر آ رہے ہیں۔پنے ٹورنامنٹ میں 10 میچوں میں سے سات میچ ہاری ہے جبکہ اسے تین میں فتح ملی ہے ۔ وہیں حیدرآباد نو میچوں میں سے چھ میں فاتح رہی ہے اور محض تین ہاری ہے ۔حیدرآباد جہاں ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے تو وہیں پنے چھٹے مقام پر ہے ۔پنے کے لئے آئندہ میچوں میں جیتنا انتہائی ضروری ہے جس سے اس کے آگے جانے کی راہ بنے گی۔ٹورنامنٹ میں پنے کی ٹیم اس وقت نازک دور سے گزر رہی ہے اور اس کے کپتان مہندر سنگھ دھونی بھی کچھ خاص نہیں کر پا رہے ہیں۔پنے کے لئے اب غلطیاں کرنے کا موقع بھی نہیں ہے اس لئے ذاتی طور پر تمام کھلاڑیوں کو کارکردگی میں بہتری کی ضرورت ہے ۔ویسے ٹیم کے پاس پریرا، رجت ، ڈنڈا اور مروگن اشون کے طور پر اچھے بولر ہیں۔پریرا (آٹھ وکٹ) ٹیم کے کامیاب گیند بازوں میں ہیں جبکہ ڈنڈا اور مرگن کے نام بھی سات سات وکٹ درج ہیں۔بلے بازی میں اجنکیا رہانے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ ٹیم کی بیس بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے 10 میچوں میں چھ نصف سنچریوں سمیت کل 417 رنز بنائے ہیں اور وہ ٹورنامنٹ میں تیسرے سب سے بہترین اسکورر ہیں۔تاہم ان سے آگے دوسرے نمبر پر حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر ہیں جنہوں نے نو میچوں میں 458 رنز بنائے ہیں۔پنے کے پاس اسٹیون اسمتھ (270 رنز)، فاف ڈو پلیسس (206 رنز) اور کپتان دھونی (182 رنز) بھی موجود ہیں۔حیدرآباد نے ٹورنامنٹ میں ابھی تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور جس کا کافی کریڈٹ کپتان وارنر کی حکمت عملی کو بھی جاتا ہے ۔اس کے علاوہ وارنر خود کمال کی بلے بازی کر رہے ہیں۔اوپنر شکھر دھون (310 رنز) ٹیم کے دوسرے بہترین اسکورر ہیں جنہوں نے گزشتہ میچ میں ممبئی انڈینز کے خلاف ناٹ آؤٹ 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
بولنگ میں بھی حیدرآباد کے پاس مستفیض الرحمن ہیں جو ٹورنامنٹ میں ابھی تک 13 وکٹ لے کر تیسرے بہترین بولر بنے ہوئے ہیں۔ان کے علاوہ فاسٹ بولر بھونیشور کمار کے نام بھی 13 وکٹ درج ہیں۔موئسس ہینرکس اور گزشتہ میچ میں حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تجربہ کار بولر اشیش نہرا بھی اپنے کندھوں پر ٹیم کی بولنگ کا دارومدار بخوبی سنبھال رہے ہیں۔دھونی جب حیدرآباد کا سامنا کریں گے تو ان کے سامنے صرف جیت کا ہدف رہے گا جس سے وہ خود کو ثابت کر سکیں گے ۔