2019 تک ہر گھر میں بجلی پہنچائیں گے:رگھوور

رانچی 26 مئی (معیز الدین خان): بجلی کے بغیر جدید دور میں زندگی کا تصور محال ہے۔ گاؤں کے خوشحال اور خود کفیل ہونے کیلئے 2019 تک ہر گھر میں 24 گھنٹے بجلی مہیا کرائی جائے گی۔ رواں مالی سال میں 4000گھروں میں شمسی توانائی کے توسط سے بھی بجلی پہنچائی جائے گی۔ برسا منڈا کے گاؤں میں اب بجلی کا مسئلہ نہیں رہے گا اور یہ گاؤں ایک مثالی گاؤں ہوگا۔ یہ باتیں آج وزیراعلیٰ رگھوور داس نے 132/33کے وی گریڈ سب اسٹیشن تماڑ سمیت 132 کے وی ٹرانس میشن لائن کی افتتاحی تقریب میں کہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جھارکھنڈ میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ پورے ملک کو روشن کرسکتا ہے۔ تماڑ میں گریڈ کے تیار ہونے سے اس علاقے میں لووولٹج کا مسئلہ دور ہوجائے گا۔ اس گریڈ کو چانڈل گریڈ سے بھی جوڑا گیا ہے۔ پہلے 70کلو میٹر دور نامکم گریڈ سے بجلی سپلائی کی جاتی تھی اب لگاتار بجلی ملنے سے یہاں صنعتوں کو فروغ حاصل ہوگا۔