اب بہارمیں عظیم شخصیتیں بھی محفوظ نہیں ہیں: چراغ پاسوان

پٹنہ 29 جون( طارق حسن ) لوک جن شکتی پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے قومی چیئرمین بشمول جموئی کے ممبر پالیمنٹ چراغ پاسوان نے کہاہے کہ بہارمیں قتل ،لوٹ ، ڈکیتی ،اغواہ ، رنگداری ، عصمت دری ،جیسی واردات توآئے دن کی بات ہوگئی ہے۔ اب تک تو بہار میں عام آدمی کاجینا دشوار ہوگیاتھا۔لیکن اب تو لاقانونیت حد پار کرگئی ہے ۔اب بہارمیں اہم شخصیتیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ جس ریاست میں عظیم شخصیتو ں کی ہتک عزتی ہو، میں سمجھتا ہو ں اس ریاست کی حکومت کو اقتدار میں بنے رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔چراغ پاسوان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار دوسری ریاستو ں میں جاکر مذہب سماج کیلئے گیان بانٹ رہے ہیں ۔اور یہاں بہارمیں ہمارے آبا ؤجداد کے ساتھ بدسلوکی ہورہی ہے ۔انہوں نے شیخ پورہ کے چاندنی چوک پرنصب ، ہندوستان کے دستور ساز بابا صاحب ڈاکٹربھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمہ کو توڑے جانے اور چہرے پر سیاہی پوتنے کے واقعہ کا ذکرکرتے ہوئے کہاہے کہ جس نے بھی ایسی حرکت کی ہے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے بصورت دیگر لوک جن شکتی پارٹی سڑک سے لیکر ایوان تک حکومت کے خلاف تحریک چلائے گی۔