انٹر ریزلٹ گھوٹالہ کی جانچ کیلئے 2 کمیٹیوں کی تشکیل

پٹنہ 05 جون (اسٹاف رپورٹر):بہار میں انٹر کے ریزلٹ میں ہوئی بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی جانچ کیلئے عدالتی جانچ کمیٹی کی تشکیل کردی گئی ہے۔ بہار اسکول اکزامنیشن بورڈ کے چیئرمین پروفیسر لال کشور پرساد سنگھ نے یہ اطلاع اتوار کے روز نامہ نگاروں کو دی۔ پٹنہ ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج گھنشیام پرساد اس کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔ کمیٹی میں سبکدوش جج جی پی سریواستو اور سبکدوش آئی پی ایس افسر مٹھو پرساد بھی شامل ہیں۔ اس کمیٹی میں ماہر تعلیم کے طور پر کسی سابق وائس چانسلر کو بھی رکھنے کا اختیار کمیٹی کے چیئرمین کو دیا گیا ہے۔ جانچ کمیٹی کو اپنی رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ یہ کمیٹی ریزلٹ سے متعلق ساری خامیوں کے ساتھ انٹر امتحانات کے مختلف پہلوؤں کی بھی جانچ کرے گی۔ بتایا گیا ہے کہ کمیٹی ایک مہینے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کردے گی۔