دعوت افطار میں ملک و ریاست کی خوشحالی اور امن عالم کیلئے بارگاہ خداوندی میں اُٹھے ہزاروں ہاتھ

*۔ ریاستی حکومت اقلیتوں کے فلاح کیلئے کوشاں: عبد الغفور *۔ اقلیتوں، دلتوں و پسماندوں کے معیاری تعلیم کے تئیں نتیش حکومت سنجیدہ: ڈاکٹر اشوک چودھری

پٹنہ، 20جون (طارق حسن)۔ پرائیویٹ اسکول اینڈ چلڈرن ایسوسی ایشن راجا بازار، سمن پورہ کے زیراہتمام آج پرتکلف عام دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں اقلیتی فلاح و اوقاف کے وزیر عبد الغفور، وزیر تعلیم ڈاکٹر اشوک چودھری، مولانا مظہر الحق عربی و فارسی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اعجاز علی ارشد اور روزنامہ تاثیر کے مدیر ڈاکٹر محمد گوہر کے علاوہ کثیر تعداد میں سمن پورہ، راجابازار سمیت دیگر علاقوں کی معزز شخصیات اور ہر عام و خاص نے شرکت فرماکر روزہ افطار کیا اور ریاست ،ملک اور پوری دنیا میں امن و امان، آپسی خیرسگالی اور خوشحالی کی دعا ء کی۔ وزیر عبد الغفور اور ڈاکٹر اشوک چودھری نے اس موقع پر شرکت فرماکر کافی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کے پرتکلف عام دعوت افطار کا اہتمام کیا جانا چاہئے تاکہ لوگ ایک جگہ اکٹھا ہوکر روزہ افطار کریں اور مل کر ریاست و ملک کے لئے امن و امان اور خوشحالی کے لئے دعا ء کریں ساتھ ہی آپسی خیرسگالی کی مثال بھی پیش کرسکیں۔ دعوت افطارمیں آئے مہمانوں و روزہ داروں کا استقبال پرائیویٹ اسکول اینڈ چلڈرن ایسوسی ایشن سمن پورہ کے صدر سید شمائل احمد نے کیا۔ دعوت افطار کے بعد وزیر اقلیتی فلاح و اوقاف عبد الغفور نے کہاکہ ریاستی حکومت اقلیتوں کے فلاح کے لئے پابند عہد ہے اور ہم اقلیتوں کے فروغ اور ان کے مسائل کے حل کے تئیں کوشاں ہیں۔ وزیر تعلیم ڈاکٹر اشوک چودھری نے کہاکہ نتیش کمار کی قیادت والی حکومت بہار میں اقلیتوں، دلتوں پسماندوں کی تعلیم کے تئیں کافی سنجیدہ ہے اور ہم ان کے معیاری تعلیم کے لئے ہر اقدام کررہے ہیں تاکہ اقلیتوں، دلتوں و پسماندہ طبقہ کے بچے بچیوں کومعیاری تعلیم کے حصول میں کوئی رکاوٹ نہ آئے اور وہ اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں۔