سنگاکارا الیون میں دراوڈ واحد ہندوستانی، تندولکر کو جگہ نہیں

نئی دہلی،29جون؍(آئی این ایس انڈیا)عظیم بلے باز سچن تندولکر کو کمار سنگاکارا کی دائمی الیون فہرست میں جگہ نہیں ملی ہے جبکہ سری لنکا کے اس سابق کرکٹ کپتان نے اپنی ٹیم میں راہل دراوڑ کے طور پر واحد ہندوستانی کومنتخب کیا ہے۔سنگاکارا کا خیال ہے کہ انڈیا اے کے موجودہ کوچ دراوڑ سری لنکا کے سابق بلے باز اروند ڈی سلوا کی قیادت والی ٹیم میں اوپنر کے کردار میں آسٹریلیا کے سابق بلے باز میتھیو ہیڈن کا اچھا ساتھ ادا کریں گے۔لارڈس کرکٹ گراؤنڈ کی طرف سوشل میڈیا میں ڈالی گئی ویڈیو میں سنگاکارا نے کہا کہ میتھیو ہیڈن ٹاپ آرڈر میں پہلی گیند کا سامنا کریں گے اور ان کا ساتھ دینے کے لئے میں نے راہل دراوڑ کو منتخب کیا ہے۔بلے بازی آرڈر میں بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے اپنے پسندیدہ برائن لارا اور آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کو منتخب کیا ہے۔اسٹار آل راؤنڈر جیک کیلس ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر کو پورا کریں گے جبکہ آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ کیپر کا کردار ادا کریں گے۔سنگاکارا کا خیال ہے کہ شین وارن اور متھیا مرلی دھرن دو ماہر اسپنر ان کی ٹیم میں فٹ رہیں گے کیونکہ وہ کسی بھی حالات میں بولنگ کر سکتے ہیں۔گیندبازی شعبہ میں سنگاکارا نے سری لنکا کے تجربہ کار بالر چمڈا واس اور پاکستان کے سابق عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم کو منتخب کیا ہے۔سنگاکارا کی فہرست میں آسٹریلیا کے 4، سری لنکا کے تین اور ہندوستان کا صرف ایک کھلاڑی ہے۔پاکستان، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے بھی ایک ایک کھلاڑی کو فہرست میں جگہ ملی ہے۔پیر کو نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میک کولم نے اپنی دائمی فہرست جاری کی تھی جس میں تندولکر واحد ہندوستانی چہرہ تھے۔الیون اس طرح ہے:میتھیو ہیڈن، راہل دراوڑ، برائن لارا، رکی پونٹنگ، اروند ڈی سلوا(کپتان)، جیک کیلس، ایڈم گلکرسٹ، شین وارن، متھیا مرلی دھرن، وسیم اکرم اور چمنڈاواس ۔