وزیراعلیٰ نے لیا محکمہ دیہی امور کا جائزہ

ریاست میں 32 ہزار بستیوں کی پہچان کی گئی

پٹنہ، 6جون (طارق حسن)۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے سامنے دیہی امور محکمہ کے ذریعہ اپنے کاموں سے متعلق پیشکشی کی گئی۔وزیر اعلیٰ نے دیہی امور محکمہ کے ذریعہ مجوزہ دیہی ٹولہ رابطہ منصوبہ اور سروے کے کام کا جائزہ لیا۔ جائزہ کے دوران بتایاگیا کہ ریاست میں 32 ہزار بستیوں کی پہچان کی گئی ہے۔ ان میں سے تقریباً بیس ہزار بستیوں کو قبل میں کسی بھی روڈمیپ کے تحت نشان زد نہیں کیا گیا ہے۔ ایسی سبھی بستیوں کو جوڑنے کے منصوبہ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ کوالیٹی مانیٹرنگ کے لئے بنائے جارہے منصوبہ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر دیہی امور محکمہ کے وزیر شیلیش کمار، چیف سکریٹری انجنی کمار سنگھ، ترقیات کمشنر ششر سنہا، پرنسپل سکریٹری منصوبہ اور ترقیات دیپک پرساد، پرنسپل سکریٹری خزانہ روی متل، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری چنچل کمار، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری اتیش چندرا، سکریٹری دیہی امور ونئے کمار، سکریٹری سڑک تعمیرات پنکج کمار، سکریٹری دیہی ترقیات اروند چودھری، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری منیش کمار ورما سمیت متعلقہ افسران موجود تھے۔