بہار میں تاڑی پر پابندی نہیں: لالو

پٹنہ 28جولائی (اسٹاف رپورٹر): راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد نے واضح طور پر کہا ہے کہ بہار میں تاڑی پر پابندی نہیں رہے گی۔ نہ تو تاڑی پینے پر کوئی روک رہے گی اور نہ ہی اس کے بیچنے پر ۔ لالو نے یہ بات جمعرات کو نامہ نگاروں سے کہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت میں تاڑی کے سلسلے میں جو قانون بنے تھے وہ نافذ رہیں گے۔ لالو کے اس بیان سے تاڑی کے شراب بندی کے دائرے سے باہر نکلنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔ اس سے حکومت کی آبکاری پالیسی میں بڑی تبدیلی کا اشارہ بھی مانا جارہا ہے۔ خیال رہے کہ حکومت بہار نے ایک اپریل سے شراب بندی نافذ کی ہے۔ جس میں تاڑی بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ جس سے ریاست میں تاڑی کی روایتی تجارت کرنے والوں میں ناراضگی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ جیتن رام مانجھی کی پارٹی ہم اور مرکزی وزیر رام بلاس پاسوان کی پارٹی ایل جے پی اس معاملے پر تحریک کا اعلان پہلے ہی کرچکی ہے۔