بہار میں سیلاب کا خطرہ، سڑک اور ریل سروس متاثر

پٹنہ 24 جولائی (اسٹاف رپورٹر): نیپال کے علاقے میں زبردست بارش ہونے کی وجہ سے شمالی بہار کی ندیوں کی سطح میں لگاتار اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ندیوں کی سطح میں اضافہ کی وجہ سے سڑک سروس کے ساتھ ساتھ ریل سروس بھی بری طرح سے متاثر ہوگئی ہے۔ کشن گنج میں سیلاب کے مد نظر ضلع انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔ بی ڈی او اور سی او کو مائکنگ کرواکر سیلاب متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو باہر نکالنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سبھی ندیوں کی سطح بڑھنے کی وجہ سے یہ ہدایت دی گئی ہے۔ کشن گنج ضلع کے 55پنچایتوں کے 200 گاؤں میں سیلاب کا پانی داخل ہوگیا ہے۔ دریں اثناء سمستی پور ریل ڈویژن کے مانسی ۔سہرسہ ریل پٹری کے پھنگو ہالٹ کے پاس کوسی ندی کی تیز دھار سے ٹریک کی ہورہی زبردست کٹاؤ کی وجہ سے ریلوے نے غریب رتھ اور راج رانی ایکسپریس سمیت 8 اہم ٹرینوں کو رد کردیا ہے۔ سنیچر کی رات سے پیدا شدہ اس بحران کو دیکھتے ہوئے سمستی پور ریل ڈویژن کے ڈی آر ایم سمیت سینئر ریل حکام موقع پر کیمپ کر راحت کاری میں جٹ گئے ہیں۔ سمستی پور ایڈیشنل ڈویژنل ریل منیجر راجیش کمار پانڈے نے کہا کہ کٹاؤ کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کو فی الحال بند کردیا گیا ہے۔ ان روٹوں سے گزرنے والی ٹرین وایا سمستی پور ، کھگڑیا اور برونی اسٹیشن سے گزرے گی۔ ڈویژن کے پھنگو ہالٹ اسٹیشن کے نزدیک کوسی ندی سے زبردست کٹاؤ ہونے کی وجہ سے مانسی ، سہرسہ ریل ڈویژن کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت سنیچر کی دیر رات سے ٹھپ کردیا گیا ہے۔ جن 8 ٹرینوں کو رد کیا گیا تھا ہے ان میں سہرسہ ۔ امرتسر ایکسپریس، سہرسہ۔ آنند ویہار ایکسپریس، دانا پور ۔ سہرسہ ۔ دانا پور ، برونی ۔ سہرسہ۔ برونی ایکسپریس، سہرسہ۔ سمستی پور ۔ سہرسہ ایکسپریس ، سہرسہ ۔ سمستی پور ۔ سہرسہ پسنجرشامل ہیں۔