جب تک اردو بولنے والے موجود ہیں ، وہ زندہ و جاوید رہے گی : پروفیسر ارتضی کریم

Posted on: Jul 28, 2016 12:59 AM IST | Updated on: Jul 28, 2016 01:09 AM IST
روزنامہ تاثیر اردو کے کے لیئے دلی سے آشیہ فاطمہ

دہلی : قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام دہلی کےانڈیا انٹر نیشنل سینٹر میں ’ اردو، عربی، فارسی زبانوں کا فروغ لائحہ عمل اور تجاویز کے عنوان سے ایک مذاکرے کا اہتمام کیا گیا۔ اس میں تینوں زبانوں کے فروغ اور امکانات کے حوالے سے سنجیدگی سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اردو کا رشتہ مختلف زبانوں سے ہے ، لیکن عربی اورفارسی پر اس کے گہرے اثرات ہیں ۔ اردو کا رسم الخط عربی اورفارسی سے مماثلت رکھتا ہے۔ ان تینوں زبانوں کی جڑوں کومزید مضبوط کرنے کی غرض سے قومی کونسل برائے فروغ اردوزبان نے گزشتہ دنوں ایک مذاکرے کا اہتمام دہلی میں کیا۔ پروگرام کے انعقاد کا مقصد دیگرزبانوں کے ساتھ مل بیٹھ کراردو کے فروغ کا خاکہ تیارکرنا تھا ، جس سے اردوکودرپیش مسائل کو دورکیا جاسکے

قومی  کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسر ارتضی کریم نے کہا کہ جب تک اردو بولنے والے موجود ہیں اردو زندہ و جاوید رہے گی ۔ البتہ انھوں نے اہل اردو کے طرزعمل پر افسوس کا اظہار کیا۔