دلتوں پر حملے کیلئے آر ایس ایس اور مودی ذمہ دار: لالو

پٹنہ 23 جولائی (اسٹاف رپورٹر): آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد نے وزیر اعظم نریندر مودی کے نام ایک کھلا خط جاری کرکے اونا میں دلت نوجوانوں کے ساتھ ہوئے مظالم کیلئے انہیں اور آر ایس ایس کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ لالو نے وارننگ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ آر ایس ایس کے موہن بھاگوت جیسے زہریلی سیاست کرنے والے لوگ سدھر جائیں ورنہ اپنا کنبہ سمیٹ لیں۔ لالو نے گجرات کے اونا میں چمڑے کی صنعت سے وابستہ چار دلت نوجوانوں کی مری گائے کی کھال اتارنے کے الزام میں کی گئی پٹائی کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جگہ جگہ نام نہاد گؤ رکچھک دل پنپ رہے ہیں اس کے پیچھے سب سے بڑا ہاتھ آر ایس ایس اور خود وزیر اعظم مودی کاہے۔ لالو نے لکھا ہے کہ پہلے لوک سبھا چناؤ اور پھر بہار کے اسمبلی انتخاب میں جس غیر ذمہ داری سے پنک ریوولوشن ، بیف جیسی غیر ضروری باتوں پر سماج کو بانٹنے والے بھاشن دیئے گئے تھے انہیں کااثر ہے کہ آج کسان خرید کر گایوں کو گاڑی میں لاد لے جانے سے بھی ڈرتا ہے کہ پتہ نہیں کہ راستے میں کون انہیں گؤرکشا کے نام پر گھیر کر پیٹنا شروع کردے یا جان ہی لے لے۔ لالو نے مودی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ نے تو لوگوں کو بانٹ کر زہر بو کر ووٹوں کی کھیتی خوب کرلی اور جو چاہتے تھے وہ بن گئے لیکن آپ کا بوایا زہر ہر ذات اور فرقہ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ لالو نے لکھا ہے کہ یہ آگ وزیراعظم کی ہی لگائی ہوئی ہے اس آگ میں بھسم ہوکر کسان ، دلت ،آدی واسی اور اقلیت کے لوگ مررہے ہیں۔ اس کیلئے صرف اور صرف مودی ذمہ دار ہیں۔ لالو نے لکھا ہے کہ گائے کے نام پر لوگوں کو بانٹنے والے رہنماؤں کو گائے کی خدمت سے کوئی مطلب نہیں ہے۔ مرکزی کابینہ کے 78 وزراء بڑے بڑے بنگلوں میں رہتے ہیں انہوں نے کتے پال رکھے ہیں مگر گائے کے نام پر ناک، بھؤں سکڑتے ہیں۔ مودی کو نصیحت کرتے ہوئے لالو نے لکھا ہے کہ اگر وہ گائے سے سچی محبت کرتے ہیں تو اپنے وزیر کیلئے لازم کردیں کہ اپنے بنگلے میں گائے پالے۔