پٹنہ، 30جون (طارق حسن)۔ ضلع مجسٹریٹ پٹنہ سنجے کمار اگروال کی صدارت میں آج کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں عید تہوار کی تیاریوں کے سلسلے میں جائزہ میٹنگ منعقد کی گئی۔ میٹنگ میں اس سال عید کا تہوار 6یا 7 جولائی کو چاند کے نظر آنے کے مطابق منائے جانے کی بات سامنے آئی۔ اس سلسلے میں تہوار کو پرامن ماحول میں منانے اور کامیاب بنانے کے مقصد سے ضلع مجسٹریٹ کے ذریعہ مطلوبہ ہر ایک نقطہ نظر کا باریکی سے جائزہ لیا گیا اور رہنما ہدایات دیئے گئے۔ میٹنگ نماز عید الفطر کے موقع پر گاندھی میدان میں تقریباً 30 ہزار نمازیوں کے شرکت کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا۔ ضلع مجسٹریٹ کے ذریعہ عید کے موقع پر گاندھی میدان کے سبھی گیٹوں کو کھلا رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ عید کے موقع پر کافی تعداد میں نمازیوں کے حصہ لینے کے امکان کے مدنظر ضلع مجسٹریٹ کے ذریعہ نمازیوں کے تحفظ اور سہولت کے نقطہ نظر سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں سبھی داخلہ گیٹوں پر DFMD لگانے کی ہدایت دی گئی تاکہ نمازیوں کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو اور گاندھی میدان میں داخلہ کے لئے لمبی قطارمیں کھڑا نہ ہونا پڑے۔ سٹی مجسٹریٹ کو ضروریات کا تخمینہ کر گاندھی میدان سمیت اردگرد دیگر سبھی اہم مقامات پر مجسٹریٹوں کی تعیناتی کے لئے تجویز پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ مجسٹریٹوں کی قیادت میں پولیس افسران اور فورس تعینات رہیں گے۔ پٹنہ نگرنگم کو گاندھی میدان اور آس پاس کے مقامات کی مکمل صفائی کرنے کے ساتھ ساتھ فاگنگ یقینی کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ساتھ ہی گاندھی میدان میں پینے کے پانی کا انتظام کے مدنظر دو ٹینکر پانی کی دستیابی یقینی کرنے کی ہدایت دی گئی۔
عیدالفطر کے مدنظر ضلع مجسٹریٹ نے کی جائزہ میٹنگ
