نئی دہلی، 20جولائی (یو این آئی) کانگریس صدر سونیا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کرتے ہوئے آج کہا کہ مودی حکومت ملک میں آئینی اداروں کو منہدم کررہی ہے ۔محترمہ گاندھی نے یہاں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت اروناچل پردیش سے لے کر اتراکھنڈ تک تمام منتخب حکومتوں کو ہٹا کراور ہریانہ میں حال ہی میں ہوئے راجیہ سبھا الیکشن میں اپنی غیر آئینی سوچ کا ثبوت دے چکی ہے ۔انہوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کو لے کر بھی حکومت پر زبردست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے اور اسے روکنے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔محترمہ گاندھی نے مودی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کے دو سال کے دور حکومت میں نئے روزگارکے مواقع پیدا کرنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔صدر کانگریس نے کشمیر کے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور اس دوران ہوئے جان و مال کے نقصان کے افسوس ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
مودی حکومت آئینی اداروں کو تباہ کررہی ہے : سونیا
