ٹرین کی چھت پر مسافر بیٹھے تو نہیں ملے گا سگنل

پٹنہ 16جولائی (اسٹاف رپورٹر): پٹنہ ۔ گیا میمو ٹرین حادثہ میں تین افراد کی موت کے بعد ریل انتظامیہ خواب غفلت سے بیدار ہوئی ہے۔ ریلوے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ٹرین کی چھت پر اگر مسافر بیٹھے پائے گئے تو اسٹیشن سے ٹرین کو روانہ ہی نہیں کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی پٹنہ سے گیا کی طرف سے جانے والی تین ٹرینوں میں اب آر پی ایف کے جوان لازمی طور پر رہیں گے۔ حفاظتی نقطہ نظر سے ریل انتظامیہ نے کئی دیگر قدم اٹھانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ ڈی آر ایم آر کے جھا نے اسٹیشن ماسٹروں کو سخت ہدایت جاری کی ہے کہ اگر ٹرین کی چھت پر مسافر نظر آئیں تو ٹرین کو گرین سگنل نہ دیا جائے۔ یہی نہیں خاتون مسافروں کی حفاظت کیلئے پٹنہ ریلوے اسٹیشن پر آر پی ایف کی 14 خواتین جوان بھی ہر وقت موجود رہیں گی۔