نئی دہلی، 17 جولائی (یو این آئی) تعلیم کو اپنی حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجری وال نے آج کہاکہ 100 نئے اسکول بنائے جائیں گے جو پرائیویٹ اسکولوں سے بہتر ہوں گے ۔مسٹر کیجری وال نے اپنے پروگرام ‘ٹاک ٹو اے کے ‘ میں عوام سے راست بات چیت کرتے ہوئے کہا ‘جب ہم نے اقتدار سنبھالا تھا تو تعلیم کے میدان میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا تھا۔ ا سلئے پہلے بجٹ میں تعلیم پر اخراجات کو پانچ ہزار کروڑ سے بڑھا کر 10 ہزار کروڑ روپئے کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دہلی میں تعلیم کا بجٹ 100 فیصد بڑھایا گیا ہے جبکہ مرکزی حکومت نے تعلیم کا بجٹ 82 ہزار کروڑ روپئے سے 25 فیصد گھٹا کر 64 ہزار کروڑ روپئے کردیا ہے ۔تعلیم کے میدان میں کی گئی تبدیلیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر اعلی نے کہاکہ دہلی بھر میں اسکولوں میں آٹھ ہزار نئے کمرے بنائے گئے ہیں۔ 100 نئے اسکول بنائے جائیں گے جن کیلئے زمین کا انتخاب ہوچکا ہے ۔ اس کے علاوہ 45 نئے اسکول بنائے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سرکاری اسکولوں میں تمام سہولیات دستیاب کرائی جا رہی ہیں۔ تمام اسکولوں کوپینے کا پانی فراہم کرایا جا رہا ہے اوروہاں کے بیت الخلاء کو صاف ستھرا رکھا جا رہا ہے ۔
پرائیویٹ اسکولوں سے بہتر 100 نئے اسکول بنائے جائیں گے :کجریوال
