کابل، 23 جولائی (رائٹر) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہزارہ مظاہرین کو ہدف بناکر کئے گئے خودکش دھماکے میں 81 افراد ہلاک اور 207 زخمی ہوگئے ۔ اس حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) نے قبول کی ہے ۔وزارت صحت کے ترجمان محمد اسماعیل نے ہلاک شدگان اور زخمیوں کی تعداد کی توثیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کو نزدیک کے اسپتال میں داخل کرایا گیاہے ۔افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ایک بیان میں بتایا کہ خودکش حملہ آور نے مظاہرین کے درمیان جا کر خودکو دھماکہ سے اڑا لیا جس میں بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسیز، پولیس کے جوانوں اور شہریوں کی موت ہوگئی اور کئی دیگر زخمی ہوگئے ۔سرکاری حکام نے کل ہی حملے کی وارننگ جاری کی تھی۔واضح رہے کہ حملہ کے وقت ہزاروں کی تعداد میں ہزارہ شیعہ فرقہ کے لوگ بجلی کی لائن کو منتقل کئے جانے کے مطالبہ پر مظاہرہ کر رہے تھے ۔افغانستان کی وزارت صحت کے مطابق دھماکہ کابل کے ڈیہہ مزانگ سرکل کے پاس ہواہے۔ وزارت کے ترجمان محمد اسماعیل قبوسی نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد 3 تھی۔ ایک نے خود کو اڑا لیا تو دوسرا حملہ آور جیکٹ میں دھماکہ کرنے میں ناکام رہا جبکہ تیسرے کو مارگرایا گیا۔ پاور لائن کے خلاف جس جگہ پر ہزاروں لوگ اکٹھا ہوکر مظاہرہ کررہے تھے وہاں پر ہوئے اس دھماکہ کی جو تصویریں سوشل میڈیا پر ڈالی گئی ہیں اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کئی لوگوں کے چتھڑے اڑ گئے ہیں۔ دھماکہ کے بعد چاروں طرف افراتفری مچ گئی ۔
کابل میں خودکش دھماکہ،81 ہلاک
