آفت زدہ لوگوں کا سرکاری خزانے پر سب سے زیادہ حق : نتیش

پٹنہ 12جولائی (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ ممکنہ سیلاب یا ممکنہ سکھاڑ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نپٹنے کیلئے پوری تیاری رہنی چاہئے۔ موصوف آج اس سلسلے کی ایک جائزہ میٹنگ میں بول رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج تمام باتوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی ہے۔ سیلاب یا سکھاڑ چاہے جو آئے دونوں حالات میں جو بھی کرنا پڑے گا اس پر چرچہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے سبھی ضلع افسران کو ہدایت دی کہ اپنی سطح سے متعلقہ محکموں کے ساتھ میٹنگ کر کے سبھی تیاریاں وقت سے پہلے کرلیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آفات کے حالات سے نپٹنے کیلئے بنائے گئے ایس او پی کے مطابق کام کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آفات سے متاثرلوگوں کا سرکاری خزانے پر سب سے زیادہ حق ہوتا ہے۔ سبھی لوگ حالات پر کڑی نظر رکھیں اور بروقت نظر رکھیں۔ انہوں نے سبھی اضلاع کے انچارج پرنسپل سکریٹری / سکریٹری کو ایک ہفتے کے اندر اپنے اپنے ضلعوں میں جاکر سیلاب یا سکھاڑ سے نپٹنے کیلئے ہورہی تیاریوں کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ میٹنگ میں سبھی ڈویژنل کمشنر ، سبھی ضلع کے ڈی ایم ، ایس پی اور دیگر افسران ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے جڑے ہوئے تھے۔ میٹنگ میں محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے پرنسپل سکریٹری ویاس جی نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں تفصیلی جانکاری دی۔ میٹنگ میں کئی کابینہ وزیر اور سینئر افسران موجود تھے۔