ویسٹ انڈیز پربھارت کی مرعوب کن فتح

میچ میں سنچری بنانے اور 7 وکٹ لینے والے اشون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیاگیا

اینٹیگا،25جولائی(پی ایس آئی)انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں انڈیا نے میزبان ٹیم کو اننگز اور 92 رنز سے شکست دے دی ہے۔اتوار کو پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن ویسٹ انڈیز کی ٹیم فالو آن ہونے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں 231 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔اس سے قبل انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 566 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔جواب میں میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 243 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔انڈیا کی جانب سے دوسری اننگز میں اشون سب سے کامیاب بولر رہے۔ انھوں نے سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیل کر میچ بچانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی طرف سے مارلن سیمیولز اور کارلوس بریتھویٹ نے نصف سنچریاں سکور کیں۔پہلی اننگز میں انڈیا کی جانب سے کپتان وراٹ کوہلی نے ڈبل سنچری سکور کی اور 200 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ رویچندرن ایشون نے بھی سنچری سکور کی اور وراٹ کوہلی کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 168 رنز بنائے۔رویچندرن ایشون کو سات وکٹیں لینے اور سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انڈیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔