اشون نے سچن اورسہواگ کو پیچھے چھوڑا

پورٹ آف اسپین،23اگست(یواین آئی)ویسٹ انڈیز کے خلاف چار میچوں کی سیریز مکمل ہونے کے بعد مین آف دی سیریز منتخب ہوئے ہندوستانی کھلاڑی آل راؤنڈر روی چندرن اشون نے ماسٹر بلاسٹر سچن تیندولکر اور ویریندر سہواگ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور ہندوستان کی جانب سے سب سے زیادہ اور چھٹی بار یہ خطاب حاصل کیا۔29سالہ اشون نے اس سیریز میں دو سنچری کی مدد سے 235 رنز بنائے اور 17وکٹ لئے ۔اشون کا یہ 36واں ٹیسٹ میچ تھا اورانہوں نے اس دوران کل 13ٹیسٹ سیریز کھیلی۔ان میں سے ٹیم انڈیا نے سات سیریز میں جیت درج کی اور ان میں سے چھ بار اشون مین آف دی میچ منتخب ہوئے ۔انہوں نے کہا”ہندوستان کی جیت میں تعاون دینا ہمیشہ سے ہی اہم رہاہے ۔ہم یہاں پر بہترین کرکٹ کھیلنے کے ارادے سے آئے تھے ۔ہم پانچ گیندبازوں کے ساتھ یہ نیا تجربہ کیا جو کامیاب بھی رہا۔ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے اور یہاں ہر ایک کے مظاہرے اور تعاون کی ستائش بھی ہوتی ہے ۔یہ ایک بڑی وجہ ہے کہ ہم بطور اکائی بہتر کررہے ہیں۔”اس سیریز سے پہلے ہندوستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ بار مین آف دی سیریز کے معاملے میں تیندولکر اور سہواگ ہی مشترکہ طور پر سب سے اوپر تھے ۔یہ دونوں پانچ بار مین آف دی سیریز منتخب ہوئے تھے ۔اب اشون نے ویسٹ انڈیز کے خلاف مین آف دی سیریز بن کر ہندوستانی کرکٹ کے ان دو بہترین کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں سری لنکا کے متھپا مرلی دھرن سب سے زیادہ 11بار مین آٖ دی سیریز بن چکے ہیں۔