اعظم خان نے نتیش کی جم کر تعریف کی

پٹنہ 10 اگست (اسٹاف رپورٹر): سماجوادی پارٹی کے رہنما اعظم خان نے بہار کے وزیر اعلیٰ اور جنتا دل یو کے قومی صدر نتیش کمار کی بھرپور ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جس طرح بہار کے اسمبلی انتخاب میں نتیش کمار نے بی جے پی کو باہر کا راستہ دکھادیا اسی طرح اب یوپی کے اسمبلی انتخاب میں بھی بی جے پی کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی وجہ سے ہی اترپردیش میں قتل عام ٹل گیا اگر نتیش بہارمیں ہار جاتے تو اترپردیش میں قتل عام ہوجاتا۔ اعظم خان نے شروع میں کہا تھا کہ نتیش کمار یوپی میں سماجوادی پارٹی کو کمزور کر کے بی جے پی کی مدد کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ نتیش بہار میں بہتر متبادل ہوسکتے ہیں مگر یوپی میں وہ سماجوادی طاقتوں کو کمزور کریں گے۔ لیکن اب ان کے رویہ میں آئی تبدیلی بہت کچھ ظاہر کررہی ہے۔اعظم خان نے نتیش کی جو مدح سرائی کی ہے وہ اترپردیش کی سیاست اور خود نتیش کمار کیلئے کافی اہمیت کی حامل ہے۔ نتیش کمار اترپردیش میں لگاتار ریلیاں کررہے ہیں۔ لیکن سماجوادی حکومت سے زیادہ خوش نظر نہیں آرہے ہیں۔ نتیش کی کانپور ریلی کے دوران جس طرح کا ماحول رہا اس سے وہ اکھلیش حکومت سے ناراض ہیں۔ انہوں نے اکھلیش حکومت کو نصیحت بھی کی ہے کہ اگر وہ شراب بندی کا پختہ ارادہ کریں تو اس معاملے میں بی جے پی کو ٹکردی جاسکتی ہے۔ اعظم خان کے اس بیان پر بہار میں سیاست شروع ہوگئی ہے۔ جنتا دل یو نے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔ پارٹی کے رہنما شیام رجک نے کہا ہے کہ اعظم خان کو تاخیر سے عقل آئی۔ پھر بھی دیر آئے درست آئے ۔ اعظم خان نے یہ بات پہلے کی ہوتی تو ان کے سیاسی آقا ملائم سنگھ کو بھی عقل آجاتی۔