باکسر وکاس ہارے ، ملک سے مانگی معافی

ریو ڈی جنیرو، 16 اگست (یو این آئی) ہندستانی باکسر وکاس کرشنن ریو اولمپکس میں 75 کلوگرام مڈل ویٹ کے کوارٹر فائنل میں شکست کے ساتھ باہر ہو گئے ہیں اور اسی کے ساتھ ان کھیلوں کے باکسنگ مقابلے میں ہندستانی چیلنج بھی ختم ہو گیا ہے ۔تمغے کے امید وکاس کو کوارٹر فائنل میں ازبکستان کے باکسر کے ہاتھوں 0۔3 سے یک طرفہ شکست کا سامنا کرنا پڑا جس سے نہ صرف ان کے تمغہ جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا بلکہ ریو میں تمغہ جیتنے کی ہندستانی امیدوں کو بھی زبردست جھٹکا لگا ہے ۔وکاس نے پہلے راؤنڈ میں شاندار شروعات تو کی لیکن وہ اس کارکردگی کو برقرار نہیں رکھ پائے ۔ دوسرے راؤنڈ میں مکمل طور ازبیک باکسر کا دبدبہ رہا اور دو ججوں نے انہیں 10۔8 کا اسکور دیا جس کے ساتھ انہوں نے 2۔0 کی برتری حاصل کرلی۔تیسرے راؤنڈ میں وکاس نے اگرچہ کچھ پنچ ضرور مارے ، لیکن وہ اپنا اثر نہیں چھوڑ سکے اور ازبیک باکسر نے یک طرفہ جیت کے ساتھ سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔بھوانی کے باکسر وکاس 2010 ایشیائی کھیلوں میں محض 18 سال کی عمر میں طلائی تمغہ جیتنے کے بعد بحث میں آئے تھے اور ریو میں بھی ان سے تمغے کی کافی امید تھی۔وکاس اگر سیمی فائنل میں پہنچ جاتے تو وہ ملک کے لیے اولمپک میڈل یقینی کر لیتے ۔باکسنگ میں ہندوستان کے چیلنج ختم ہونے کے بعد مایوس وکاس نے اپنی ہار کے لئے ملک سے معافی بھی مانگی۔انہوں نے کہا کہ میں سب سے معافی مانگتا ہوں، میں نے سب کو مایوس کیا۔میں نے پہلے راؤنڈ میں اچھا کیا لیکن جب میں یہ راؤنڈ ہار گیا تو میرے لئے واپسی کرنا مشکل ہو گیا۔میں نے تقریبا ہتھیار ہی ڈال دیے ۔ سیما ڈسکس تھرو فائنل کے لئے کوالیفائی نہیں کرپائیں ہندوستانی ڈسکس تھرور سیما پونیا مایوس کن کارکردگی کے بعد یہاں منگل کو ریو اولمپکس میں خواتین کی ڈسکس تھرو مقابلے کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے سے چوک گئیں۔ریو ڈی جنیریو کے اولمپک اسٹیڈیم میں ڈسکس تھرو کے کوالیفائنگ میں ہندوستانی کھلاڑی نے 57.58 میٹر کی دوری تک ڈسکس پھینکا اوراپنی مایوس کن کارکردگی سے وہ کل 34 کھلاڑیوں میں 20 ویں مقام پر رہیں۔ڈسکس تھرو میں ٹاپ 12 کھلاڑیوں کو فائنل میں داخلہ ملتا ہے ۔مقابلے میں کوالیفائنگ کے دو گروپ اے اور بی سے فائنل کیلئے کھلاڑیوں کو منتخب کیا جانا تھا جس سے سیما بی گروپ میں شامل تھیں۔ہر گروپ میں 17۔17 کھلاڑی تھے جن میں سے کل 12 کھلاڑیوں نے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے ۔ان میں کیوبا کے یامے پیریز 65.38 میٹر کے بہترین تھرو کے ساتھ کوالیفائنگ کھلاڑیوں میں سب سے اوپر رہیں۔33 سالہ سیما نے پہلی کوشش میں 57.58 میٹر فاصلے تک ڈسکس پھینک کر اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، لیکن دوسری کوشش میں وہ فاؤل کر بیٹھیں۔تیسرے تھرو میں انہوں نے مایوس کن طور پر 56.78 میٹر کی دوری تک ڈسکس پھینکا۔سیما اپنے گروپ بی میں 9 ویں اور مجموعی طور پر 20 ویں مقام پر رہ کر کوالیفائی کرنے سے چوک گئیں۔ہریانہ کے سونی پت کی رہنے والی سیما نے 2014 کے انچیون ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ان کے نام دولت مشترکہ کھیلوں میں تین تمغے ہیں جن میں سے دو چاندی کے تمغہ ہیں۔ لیکن ریو اولمپکس میں دیگر ہندوستانی کھلاڑیوں کی مایوس کن کارکردگی کے درمیان سیما نے بھی مایوس کیا۔