بہار میں بھی فلم انڈسٹری کی ترقی ممکن : گورنر

پٹنہ، 21 اگست (طارق حسن)۔ ’’بہار میں بعض تاریخی اور قدرتی خوبصورتی سے بھرپور مقامات ہیں، فن۔ صلاحیتیں ہیں، مشہور موسیقار اور گلوکار ہیں، آرٹسٹ ہیں، فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ہیں۔ بھارتیہ فلم انڈسٹری کے ہر شعبہ میں بہار کا اہم تعاون رہا ہے۔پورا ملک بہاری فلمی صلاحیت کا قائل رہا ہے۔پھر بہار میں فلمی صنعت کی ترقی بھلا کیوں نہیں ہو سکتا؟ آج ضرورت ہے کہ پورے عزم کے ساتھ سب کا تعاون حاصل کرتے ہوئے مرحلہ وار طور پر مناسب کوششیں کی جائیں۔‘‘ مذکورہ خیالات کا اظہارگورنر رام ناتھ کووند نے مقامی آڈیٹوریم میں منعقد ’پہلا بہار بین الاقوامی فلم فیسٹیول‘ کی اختتامی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر نے کہا کہ فلمی دنیا میں بہار کی تاریخ بھی انڈر لائن کرنے کے قابل رہی ہے۔ عالمی شہرت یافتہ اور مشہور فلم ’گاندھی‘کی زیادہ تر شوٹنگ بہار میں ہی ہوئی تھی۔ اس فلم میں پٹنہ رنگ منچ کے درجنوں فنکاروں نے بھی اداکاری کی تھی۔ اس فلم کو ’آسکر ایوارڈ‘ سے نوازا گیا تھا۔دیوانند کیا داری والی فلم ’جانی میرا نام‘ کا ایک مشہور گانا جو ہیما مالنی اور دیوانند پر فلمایا گیا تھا، بہار کے راجگیر میں ’شوٹ‘ کیا گیا تھا۔ ستیہ جیت رائے کی ہدایتکاری والی فلم جس کا نام ’ابھیجان‘ تھا، اس کی شوٹنگ بھی تاریخی پٹنہ کالج احاطے میں ہوئی تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کووند نے کہا کہ سنیما وہ مضبوط ذریعہ ہے، جو ہمیں نہ صرف تفریح فراہم کرتا ہے، بلکہ کچھ ایسے موضوعات پر سوچنے پر مجبور بھی کرتا ہے جو وسیع پیمانے پر سماجی اور قومی مفادات سے منسلک ہوتے ہیں۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس سمریندر پرتاپ سنگھ نے کہا کہ فلمیں سماج کا آئینہ ہوتی ہیں اور ان کے ذریعے مختلف ممالک کے درمیان نزدیکیاں بڑھتی ہیں۔پروگرام میں موجود بھارت میں جرمنی کے کاؤنسلٹ جنرل اولاف ایورسینٹ نے امید ظاہر کی کہ آگے بھی فلموں کے ذریعے بھارت اور خاص کر بہار کے ساتھ جرمنی کے ثقافتی تعلقات مضبوط ہوں گے۔ پروگرام میں استقبال تقریر بہار فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر گنگا پرساد نے کی، جبکہ اظہار تشکر ارچنا ملکہ نے کیا۔ بعد میں گورنر نے ’جرمن لینگویج سینٹر‘ اور ’بہار اور فلم‘ سے منسلک مختلف اسٹالوں کا معائنہ کیا۔ پروگرام میں لیڈی گورنر سویتا کووند، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر ای ایل ایس این بالا پرساد، خزانہ سکریٹری (اخراجات) راہل سنگھ اور محکمہ تعلیم کے ایڈیشنل سیکرٹری مسٹر کے سینتھل کمار بھی موجود تھے۔