حج بھون میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں: سونو بابو

پٹنہ، 2 اگست (پریس ریلیز)۔ بہار ریاستی حج کمیٹی کے چیرمین الحاج محمد الیاس عرف سونو بابو نے اپنے پریس اعلانیہ کے ذریعہ مطلع کیا ہے کہ حج بھون پٹنہ میں حج 2016 ؁کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ حج کمیٹی کے اراکین ، رضاکار اور پورا عملہ عازمین اور مہمانوں کے استقبال کے لئے تیار ہیں۔ مورخہ 3اگست بروز بدھ شام 7:30 بجے سے دعائیہ مجلس کی افتتاحی تقریب حج بھون پٹنہ میں منعقد ہونے جا رہی ہے۔ اس افتتاحی دعائیہ مجلس میں مہمان خصوصی عزت مآب وزیر اعلیٰ بہار جناب نتیش کمار ہونگے۔ جب کہ نائب وزیر اعلیٰ بہار جناب تیجسوی یادو و دیگر معزز وزراء و معززا رکان اسمبلی تشریف فرما ہونگے ۔ 4 اگست 2016 ؁ بروز جمعرات کو عازمین حج کی پہلی فلائٹ ساڑھے 11:30بجے دن میں اور دوسری فلائٹ 1:30بجے دن میں گیا ائیرپورٹ سے پرواز کرے گی۔تمام عازمین حج کو گیا ہوائی اڈہ تک پہنونچانے کے لئے حج بھون پٹنہ سے روزانہ صبح 5بجے اور 5:30 بجے بس روانہ ہوگی۔ 4اگست کو روانہ ہونے والے تمام عازمین حج نے 2اگست کو حج بھون پٹنہ میں اپنی رپورٹنگ مکمل کرالی ہے۔ تمام عوام و خواص سے گذارش ہے کہ حج بھون پٹنہ میں منعقد ہونے والی دعائیہ مجلس میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں تشریف لا کر دعائیہ مجلس کو کامیاب بنائیں اور ثواب کے مستحق ہوں۔