داؤد ابراہیم اپنے بھانجے کی شادی اسکائپ پر دیکھے گا

ممبئی،16 اگست (یو این آئی) انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم اپنے بھانجے علی شاہ پار کر کے کل ہونے والے نکاح کو غالباً اسکائپ کے ذریعہ دیکھیں گے ۔کنبہ کے لوگوں کے مطابق داؤد کی چھوٹی بہن حسینہ پارکر کے بیٹے علی شاہ پارکر کا نکاح میمن کنبہ کی عائشہ ناگانی کے ساتھ بدھ کو ممبئی میں ہونے والا ہے ۔ ان کے خاندان کے لوگ ممبئی میں رہتے ہیں اور ان لوگوں نے داؤد کے لئے شادی کو دیکھنے کا بندوبست کیا ہے وہ اس شادی میں انٹرنیٹ کے ذریعہ شامل ہوں گے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ داؤدپاکستان کے شہر کراچی میں کہیں چھپ کر رہ رہا ہے ۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ داؤد نے ممبئی میں مقیم اپنے لوگوں کو شادی کا اچھے طریقے سے انتظام کرنے کو کہا ہے ۔ علی حسینہ کا واحد بیٹا ہے جو زندہ ہے اس کے ایک بیٹے کی 2006 میں حادثہ میں موت ہوگئی تھی حسینہ کا انتقال 2014 میں ہوگیا تھا ان کی ایک بیٹی بھی ہے ۔ممبئی کرائم برانچ کے پولیس افسران کے مطابق شادی میں شریک ہونے والے ہمسایوں پر نظر رکھی جائے گی۔ مخالف گروہ کے لوگ شادی میں ہنگامہ کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔جنوبی ممبئی کے ناگپاڑہ علاقہ کی ایک مسجد میں کل صبح نکاح ہوگا اور کل ہی جوہو کے ٹولپ اسٹار ہوٹل میں دعوت کا اہتمام کیاگیا ہے ۔