رانچی 16 اگست (معیز الدین خان): وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ آر این آر کالونی کی تعمیر کاکام فوری اثر سے روکا جارہا ہے۔ حکومت تھرڈ پارٹی سے کوالیٹی کی جانچ کرائے گی اس کے بعد ہی آگے کی کارروائی ہوگی۔ ساتھ ہی زمین کے تحویل میں لئے جانے کے سبب بے پناہ ہورہے لوگوں کو جھارکھنڈ کا باشندہ ہونے کی سند دینے کاکام حکومت کرے گی۔ نیتاگری اور غنڈہ گردی نہیں چلے گی ۔ سب کو معقول معاوضہ ملے گا ۔ وزیراعلیٰ آج جھارکھنڈ سکریٹریٹ کے کانفرنس ہال میں این ٹی پی سی معاملے میں بڑکا گاؤں اور دیگر علاقوں کے باشندوں سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ دس دنوں کے اندر سبھی معاملوں کی جانچ کرائی جائے گی اس کے بعد پھر سے گاؤں والوں کے ساتھ بیٹھ کر معاملے کا نپٹارہ کیا جائے گا۔ رگھوور داس نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ لیا ہے کہ زمین کے تحویل کے پانچ سال تک اگر کام شروع نہیں کیا گیا تو زمین مالک کو زمین واپس کردی جائے گی، ایسی پالیسی بنائی جارہی ہے۔ کچھ لوگ سیدھے سادے گاؤں والوں کو ورغلا کر اپنی سیاست چمکانے میں لگے ہیں۔ لیکن حکومت رعیتوں اور کسانوں کے ساتھ ہے۔ ان کی حق تلفی کسی بھی صورت میں نہیں ہونے دی جائے گی۔
زمین کے مالکوں کو معقول معاوضہ ملے گا : رگھوور
