لکھنؤ 13 اگست (ایجنسی): اترپردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادونے بلند شہر کی دو لڑکیوں للیتا اور تانیا سے آج اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ انہوں نے پرنسپل داخلہ سکریٹری اور ڈی جی پی کو طلب کرکے انہیں ہدایت دی کہ بچیوں کو انصاف دلایا جائے۔ اس موقع پر بچیوں کو تسلی دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے 5-5 لاکھ روپئے کی امداد کا بھی اعلان کیا۔ساتھ ہی لڑکیوں کے ماموں کو روزگار دلانے میں بھی مدد کرنے کا وعدہ کیا۔ تاکہ بچیوں کی پرورش اور تعلیم وتربیت ہوسکے۔ جناب یادو نے کہا کہ لڑکیوں کو رہائش مہیا کرانے کی بھی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ان کی ہرممکن مدد کرے گی۔ خیال رہے کہ للیتا نے وزیراعلیٰ کو خون سے خط لکھ کر اپنے ماں کے قاتلوں کو سزا دلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ خط سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ نے اس معاملے کا نوٹس لیا ۔
للیتا اور تانیا کو 5-5 لاکھ کی امداد اورہر ممکن سہولت : اکھلیش
