ممتا بنرجی نے ایک بار پھر مودی حکومت پر حملہ بولا

کلکتہ، 26اگست (یو این آئی)مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مرکزی اسکیموں کے لئے فنڈ بند کیے جانے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی سخت تنقید کرتے ہوئے مودی ریاستوں کو فنڈ نہیں دے رہے ہیں مگر سوال یہ ہے کہ وہ روپیوں کا کیا کریں گے ؟ کیا وہ پھر سوٹ خریدیں گے اور گنیزبک میں نام درج کروائیں گے ؟ترنمول کانگریس کی طلباء تنظیم ترنمول چھاتر پریشد کے یوم تاسیس کے موقع پر منعقد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے کئی فلاحی اسکیموں کی فنڈنگ بند کردی ہے اور اس کی وجہ سے سماج کے کمزور طبقات کو نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ممتا نے کہا کہ 100دن کے کام کیلئے ریاست نے 1,700کروڑ روپیہ مختص کیے ہیں ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی کی قیادت والی حکومت کے ذریعہ مرکزی اسکیموں کی فنڈ بند کیے جانے کی وجہ سے ریاست پر مالی بوجھ کا اضافہ ہوگیا ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مرکزی چاہتی ہے کہ مرکزی اسکیموں میں ریاست 40سے 50فیصد حصہ داری کرے مگر ہر ایک اسکیم کا نام وزیر اعظم اور بی جے پی لیڈروں کے نام پر ہی رکھا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے مرکزی حکومت سے کہا کہ جب آپ روپیہ فلاحی اسکیموں پر خرچ نہیں کریں گے تو روپیہ کا کیا کریں گے ؟ ان روپیوں کا استعمال کیا ہے ،کیا نریندر مودی ان روپیوں سے اپنا سوٹ خریدیں گے ؟ اور اس پر گینیز بک میں نام درج کرائیں گے ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال میں 40فیصد لوگوں کے پاس ادھار کارڈ نہیں ہے ۔مگر مرکزی حکومت نے جن کے پاس ادھار کارڈ نہیں ہیں انہیں مرکزی فلاحی اسکیموں سے محروم کردیا ہے ۔مودی حکومت کی ترجیحات پر تنقیدکرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی مغربی بنگال میں گایوں کی گنتی کررہی ہے مگر اسے ریاست کے عوام کی خبر لینے کی فرصت نہیں ہے ؟ ممتا بنرجی نے کہا کہ اگرمرکزی حکومت کی بنگال مخالف پالیسی جاری رہی تو ہم نئی دہلی میں حکومت کے خلاف تحریک چلائیں گے ۔