نئی دہلی، 31 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو یہاں میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم سے ریو اولمپکس میں ملک کی نمائندگی کرنے جا رہے کھلاڑیوں کو ‘کھیلو اور کامیاب ہو کی نیک خواہشات کے ساتھ ‘رن فور ریو’ کو ہری جھنڈی دکھائی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ کھلاڑی برازیل کے ریو ڈی جینرو میں ہونے والے اولمپک کھیلوں میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔مسٹر مودی نے کہا “ہر کھلاڑی نے یہاں تک پہنچنے کے لئے اپنی طرف سے بہت محنت کی ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے ۔”مسٹر مودی نے پانچ سے 21 اگست تک چلنے والے اولمپک کھیلوں میں ملک کی نمائندگی کرنے جا رہے کھلاڑیوں کے لئے منعقد پروگرام ‘رن فور ریو’ میں کہا “پہلے کھلاڑیوں کو تیاری کرنے کا بہت کم وقت ملتا تھا لیکن اب کھلاڑیوں کو کم سے کم 15 دن کا وقت ملتا ہے جس کہ وہ اس جگہ کے حالات کے مطابق خود کو ڈھال لیں۔” اس پروگرام کے موقع پر وزیر کھیل وجے گوئل بھی موجود تھے ۔ یہاں ریو اولمپکس کی ٹی شرٹ پہنے تقریبا 20 ہزار اسکولی بچے موجود تھے جنہوں نے ترنگا لہراکر ریو کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ پروگرام کے پنڈال میجر دھیان چند اسٹیڈیم سے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم تک لوگوں کی بھیڑ اس پروگرام کے لئے امنڈآئی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ اس بار ہندوستان نے اولمپک میں 119 رکنی ٹیم اتاری ہے جواولمپک میں اس کا اب تک کا سب سے بڑاگروپ ہے ۔وزیر اعظم نے دھیان چند اسٹیڈیم سے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ کھلاڑی ملک کا سر فخر سے اونچا کریں گے ۔ انہوں نے کہا “مجھے یقین ہے کہ ہمارے کھلاڑی دنیا کا دل جیت جائیں گے اور دنیا کو دکھائیں گے کہ ہندوستان کیا ہے ۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ حکومت نے ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو کھلاڑیوں کو غیر ملکی زمین پر بھی ہندوستانی کھانا فراہم کرے گی اور انہیں اب غیر ملکی کھانا کھانے کی عادت نہیں ڈالنی ہوگی۔” وزیر اعظم مودی صبح آٹھ بجے دھیان چند اسٹیڈیم پہنچے جہاں مرکزی وزیر کھیل گوئل نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد مسٹر مودی نے یہاں موجود نوجوانوں کو خطاب کیا اور سب سے پہلے نوجوانوں اور طالب علموں سے ریو جانے والے 119 رکنی ہندوستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے بھارت ماتا کے نعرے لگوائے ۔ اس جوش سے بھرے ماحول میں انہوں نے تمام ہندوستانی کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب بہت محنت کر کے وہاں پہنچے ہیں اور ان کی کامیابی ان کی ذاتی نہیں بلکہ ہندوستان کے سوا سو کروڑ ہم وطنوں کی ہوگی۔سفید کرتا پائجامے میں ملبوس مسٹر مودی بھی اس دوران اولمپکس کے رنگ میں نظر آئے ۔ انہوں نے کہا “ملک کو ریو میں کھلاڑیوں سے بڑی امیدیں ہیں۔ ہندوستان ایک صدی سے زیادہ عرصے سے اولمپک کھیلوں سے منسلک رہا ہے ۔
مودی نے دعاؤں کے ساتھ رن فور ریوکو ہری جھنڈی دکھائی
