پٹنہ 11 اگست (اسٹاف رپورٹر): نئے شراب بندی قانون سے مچا ہنگامہ کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ آرجے ڈی کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر رگھوونش پرساد سنگھ نے وزیراعلیٰ نتیش کمار سے کہا ہے کہ وہ بلاتاخیر اس قانون کو واپس لیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنتا دل یو کے ایم ایل اے بھی اس معاملے میں نتیش کے ساتھ نہیں ہیں۔ دوسری طرف بی جے پی نے رگھوونش کے بیان کی حمایت کی ہے۔ رگھوونش کا یہ بیان شراببندی مہم کیلئے بڑا جھٹکا ماناجارہا ہے۔ پارلیمنٹ میں جنتا دل یو کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑے آر جے ڈی کی طرف سے اس بیان کے بعد شراب بندی قانون پر نئے سرے سے بحث چھڑنا طے ہے۔ رگھوونش پرساد سنگھ نے گاؤں پر اجتماعی جرمانہ لگانے اور خاندان کے سبھی بالغ افراد کے خلاف کارروائی اور تھانہ انچارج کے خلاف کارروائی کو غلط بتاتے ہوئے کہا کہ اسے فوراََ واپس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نتیش اس معاملے میں چاہے جتنی بھی صفائی دیں اس میں خامی ہے اور اسے منظور نہیں کیا جاسکتا ہے۔ ایک آدمی بھی اس قانون کے حق میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ زبردستی نہیں ہونی چاہئے اور پولس ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لینا چاہئے۔
نیا شراب بندی قانون غلط، اسے واپس لیا جائے : رگھوونش
