سینٹ لوسیا، 08 اگست (یو این آئی) ہندوستان کے تیز گیند باز محمد سمیع نے کپتان وراٹ کوہلی کی پانچ گیند بازوں کے ساتھ اترنے کی حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ٹیم کو یقینی طور پر فائدہ ہو گا۔گزشتہ دونوں ٹیسٹ مقابلوں میں شاندار بولنگ کرنے والے سمیع نے کہا کہ پانچ گیند بازوں کی موجودگی سے آپ کو زیادہ وقت اور آرام ملتا ہے جو کہ ضروری ہے ۔ہم ایک اسپیل میں چار سے پانچ اوور تک ڈالتے ہیں اور زیادہ گیند بازوں کے رہنے سے ہمیں آٹھ سے دس اوور تک آرام کا وقت مل جاتا ہے ۔اس سے اسپیل میں تال بنی رہتی ہے اور آپ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر پاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت ہی اچھی بات ہے کہ آخری الیون میں تین تیز گیند باز اور دو اسپنر موجود ہیں۔یہ ایک شاندار کمبی نیشن ہے اور ہم اسے برقرار رکھیں گے ۔دوسرے ٹیسٹ میں ہندستان کو جیت کے لئے آخری دن ویسٹ انڈیز کے چھ وکٹ لینے کی ضرورت تھی لیکن میزبان ٹیم مقابلہ ڈرا کرانے میں کامیاب رہی۔سمیع نے کہا کہ جب آپ تیزی سے وکٹ لے لیتے ہیں تو پھر میچ میں طویل شراکت داری ہوتی ہے ۔یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہم نے غلطی کی بلکہ میزبان نے فلیٹ وکٹ پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ہم اس غلطی سے سبق لے چکے ہیں اور مکمل دھیان تیسرے ٹیسٹ پر لگا ہوا ہے ۔گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے 18 ماہ تک میدان سے دور رہے سمیع نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی چار اننگز میں 24.62 کی اوسط سے آٹھ وکٹ حاصل کئے ہیں۔سمیع نے کہا کہ انہوں نے اتنے مہینوں میں وزن کم کرنے اور فٹنس بہتر بنانے پر ہی زور دیا۔
پانچ گیند بازوں کی حکمت عملی کارگر: سمیع
