سارن کے بی ایس ٹی پشتے میں درار آجانے سے کئی نئے علاقوں پر سیلاب کا خطرہ منڈلایا، وزیراعلیٰ نے راحت کیمپوں کا جائزہ لیا
پٹنہ 25 اگست (اسٹاف رپورٹر): بہار کی ندیوں کی سطح آب میں کمی کے باوجود سیلاب کی تباہ کاریاں کم نہیں ہوئی ہیں۔ دوسری طرف گذشتہ 8 دنوں سے سیلاب میں گھرے لوگوں کا غصہ بڑھنے لگا ہے۔ اس بیچ جمعرات کو مشرقی چمپارن کے ہرسدھی میں 30 فٹ تک پشتہ ٹوٹ جانے سے سینکڑوں گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ ادھر سارن ضلع میں بی ایس ٹی پشتے میں درار آجانے کے سبب دو لاکھ کی آبادی پر سیلاب کا خطرہ منڈلانے لگا ہے اس سے جئے پرکاش نارائن کے آبائی گاؤں سیتاب دیارا پر بھی خطرہ بڑھ گیا ہے۔ پٹنہ سمیت بہار کے کچھ ضلعوں میں گنگا گذشتہ دن بھی خطرے کے نشان سے اوپر بہتی رہی۔ حالانکہ دیر رات سے سطح آب میں کمی کا رجحان ملنے لگا ہے۔ اس کے باوجود بھاگلپور، کھگڑیا، مونگیر اور لکھی سرائے سمیت سیمانچل میں گنگا کے تیور اب بھی تلخ ہیں۔ اورنگ آباد کے اوبرا بلاک کے کلیم گھاٹ پر پن پن ندی میں منگل کو ہوئے کشتی حادثے میں لاپتہ 6 میں سے تین کی لاشیں پولس نے برآمد کرلی ہیں۔ حاجی پور ، چھپرہ، آرہ ،سہسرام، اورنگ آباد ، بیگو سرائے اور بکسر میں سیلاب کی صورتحال سنگین بنی ہوئی ہے۔ بھاگلپور میں کئی علاقے جزیرے میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ این ایچ 80 پر پانی چڑھ گیا ہے۔ اسکول بند ہیں اور لوگوں کا محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونا جاری ہے۔ بھاگلپور میں راحتی کیمپ میں کھانا نہیں ملنے سے ناراض لوگوں نے این ایچ 80 کو چار گھنٹے تک جام کردیا۔ اس دوران مونگیر، بھاگلپور روڈ پر آمدورفت ٹھپ ہوگئی۔ بریار پور میں بھی سیلاب متاثرین نے مظاہرہ کیا۔ لکھی سرائے کے بی جے پی ایم ایل اے وجئے کمار سنہا کلکٹریٹ کے سامنے غیر معینہ مدت کے دھرنے پر منگل کی شام سے ہی بیٹھے ہیں۔ سمستی پور کے محی الدین نگر میں بھی راحت کے مطالبے پر سی پی ایم نے انچل آفس پر مظاہرہ کیا ۔ آر جے ڈی رہنماؤں نے بھی ہنگامہ کیا۔ پٹوری ۔ سمستی پور روڈ کو سیلاب متاثرین نے جام کردیا ۔ ادھر سمستی پور کے مختلف علاقوں میں جمعرات کو ڈوبنے سے پانچ افراد کی موت ہوگئی۔ اس بیچ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج بہٹا، منیر سے لے کر اٹھمل گولہ تک کے سیلاب زدہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کیلئے بنائے گئے راحت کیمپوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے بہٹا، منیر ، دانا پور ، دیدار گنج، بختیار پور اور اٹھمل گولہ میں راحت کیمپوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے لوگوں کیلئے بنائے جارہے کھانے اور انہیں دی جارہی صحت خدمات اور بچوں کو دی جارہی سہولیات کی بھی جانکاری لی۔ اور متعلقہ افسران کو سیلاب راحت کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔
پشتہ ٹوٹا،سینکڑوں گھروں میں پانی داخل
