گنگا اور سون ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر

پٹنہ، 20 اگست (یو این آئی) بہار میں گنگا سمیت تمام چھ اہم ندیوں کے ایک بار پھر سے خطرے کے نشان سے اوپر رہنے اور آبی سطح میں مسلسل اضافہ کے سبب پٹنہ کے ساتھ ہی چھ اضلاع کے دیارا والے نئے علاقوں میں پانی پھیل جانے سے ہزاروں افراد جہاں سیلاب کی زد میں آ گئے ہیں، وہیں کچھ دیگر علاقوں میں سیلاب کے اندیشہ کے پیش نظر ریاستی حکومت نے احتیاط کے طور پر فوج کو الرٹ کردیا ہے ۔آفات سے نمٹنے والے محکمہ کے چیف سکریٹری ویاس جی نے آج یہاں بتایا کہ گنگا ندی میں آئی طغیانی کے سبب پٹنہ ضلع کے منیر، دانا پور، کالا دیارا اور نزدیک کے راگھو پور کے نشیبی علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ گنگا کے پانی کو راجدھانی پٹنہ میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے ندی میں گرنے والے نالوں کو بالو کے بوروں سے سیل کردیا گیا ہے ۔چیف سکریٹری نے بتایا کہ ضلع بیگوسرائے کے بلیا اور صاحب پور کمال کے دیارا علاقے کے کچھ نئے علاقوں میں گنگا کا پانی داخل ہوگیا ہے ۔ اسی طرح بھوجپور، مونگیر، بھاگلپور اور ویشالی ضلع کے دیارا والے علاقوں میں پانی پھیل گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ صورتحال کی سنگینی کے پیش فوج اور فضائیہ کو چوکس کردیا گیا ہے ۔مسٹر ویاس جی نے کہاکہ چنئی سے آفات سے نمٹنے والے قومی دستے (این ڈی آر ایف) کی پانچ ٹیموں کو طلب کیا گیا ہے ۔ پہلے سے موجود این ڈی آر ایف اور آفات سے نمٹنے والے ریاستی دستے (ایس ڈی آر ایف) کو متاثرہ علاقے میں تعینات کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرائی جا رہی ہے ۔چیف سکریٹری نے کہاکہ اندر پور ڈیم سے سون ندی میں کَل 11 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے جس کے سبب سون ندی کے نزدیکی گاؤں میں سیلاب کا پانی پھیل گیا ہے ۔ سون ندی گنگا میں ملتی ہے جس سے گنگا کی آبی سطح میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے ۔ گنگا اور سون ندیوں کے نزدیکی اضلاع کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں کشتیوں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے جس سے کہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔متاثرہ علاقوں کے لوگ اونچے اور محفوظ مقامات پر پناہ لئے ہوئے ہیں جہاں خیمے نصب کئے گئے ہیں جس میں رہنے والوں کو لازمی اشیاء فراہم کرایا جا رہاہے ۔