ہندوستانی ملازمین 25ستمبر تک وطن واپسی کی تیاری کرلیں : سشما

نئی دہلی،23اگست(یو این آئی)وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج سعودی عرب میں رہنے والے ان ہندوستانی وکرس(ملازمین) جنہوں نے اپنی نوکری گنوا دی ہے کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 25ستمبر تک وطن روانگیکی تیاریاں کر لیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد انہیں اپنے طور پر سفر کے اخراجات و دیگر امور انجام دینے ہوں گے ۔محترمہ سوراج نے آج یہاں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی ملازمین جو ابھی سعودی عرب میں مقیم ہیں اور جنہیں اپنی نوکریاں گنوانی پڑی ہیں۔وہ افراد 25ستمبر تک روانگی کے انتظامات کرلیں کیوں کہ اس تاریخ کے بعدانہیں اپنے طور سے روانگی کے انتظامات کرنے ہوں گے ۔انہوں نے اس سے قبل کہا تھا کہ سعودی حکومت نے اپنی کمپنیوں و اداروں کو احکامات جاری کئے تھے کہ وہ ان لوگوں کی بقایہ جات کی ادائیگی کر دیں ۔سعودی حکومت کے اس حکم کے بعد ملازمین کی بقایہ جات کی ادائیگی کا راستہ صاف ہوگیا ہے اور اب انہیں مزید وہاں رکنے کی ضرورت نہیں ہے ۔واضح رہے کہ وزیر مملکت برائے امور خارجہ جنرل وی کے سنگھ ہندوستانی ملازمین کے معاملے کو حل کرنے کے لئے دو دفعہ سعودی عرب گئے تھے اور انہوں نے اس دوران سعودی حکمرانوں اور وہاں کے کمپنیوں کے حکام سے بات چیت کی تھی۔اس کے بعد سعودی حکومت نے اس معاملے پر فوری کاروائی کرتے ہوئے کمپنیوں کو یہ احکام جاری کیا تھا کہ وہ ان ملازمین کے بقایہ جات کی ادائیگی کریں اور جو افراد وطن لوٹنے کے خواہشمند ہیں ان کے لئے انتظامات کئے جائیں ۔غور طلب ہے کہ خام تیل میں بین الاقوامی طور پر گراوٹ آنے کے بعد سعودی عرب کی کئی کمپنیاں جزوی طور پر بند کردی گئی تھیں اور تعمیراتی کام ٹھپ ہوگئے تھے جس کے باعث کمپنیوں نے اپنے ملازمین کے تنخواہوں کی ادائیگی روک دی تھی جس سے بڑی تعدا د میں ملازمین کو پریشانیاں اٹھانی پڑ رہی ہیں۔سعودی عرب کی تینوں بڑی کمپنیاں بن لادن گروپ،سعود اوغورا ورسعد گروپ پر سب سے زیادہ اثر ہوا تھا۔ان کمپنیوں میں ہندوستانی ملازمین کی بڑی تعداد کام کر رہی تھی۔سعودی حکومت نے ان ہندوستانی ملازمین کو بلاشرط ایکزٹ ویزا جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔