جھارکھنڈ جلد ہی خوشحال ترین صوبہ بنے گا : رگھوور

کلکتہ 19 اگست (ایجنسی): جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ جھارکھنڈ اگلے دس برسوں میں ملک ہی نہیں دنیا کا سب سے خوشحال صوبہ بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ میں بالو سے لے کر سونا تک موجود ہے۔ ریاست میں سیدھے سادے لوگ ہیں۔ یعنی کافی تعداد میں انسانی وسائل موجود ہیں۔ بس انہیں تراش کر اسکلڈ بنانا ہے اور اس کے بعد جھارکھنڈ کو مطلوبہ نتائج حاصل کرنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ وہ جمعہ کو کلکتہ کے ہوٹل اوبرائے گرانڈ میں ریاست میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے منعقد روڈ شو سے خطاب کررہے تھے۔وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ جھارکھنڈ 2020 تک ملک کا سب سے بڑا پاور ہب بن جائے گا۔ مغربی بنگال کے ساتھ جھارکھنڈ کے رشتوں کاذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جھارکھنڈ بھی کبھی بنگال کا ہی حصہ تھا اس لحاظ سے یہاں کے سرمایہ کاروں کیلئے جھارکھنڈ ایک بہترین جگہ ہے۔ رگھوور داس نے کہا کہ ملک نے تین دن پہلے 70 واں جشن آزادی منایا ہے۔ اس موقع پر ہر سطح پر یہ فکر محسوس کی گئی ہے کہ آزادی کے 69 برسوں بعد بھی ملک میں غریبی ، بے روزگاری، صحت خدمات کی کمی کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل پسماندگی کیلئے سابقہ حکومتوں کی پالیسیاں ذمہ دار رہی ہیں۔