طلباءپر مبینہ لاٹھی چارج کو لے کر وزیراعلیٰ سے ملا کانگریس وفد

Taasir Urdu News | www.taasir.com

Patna| 6 Aug 2016 | Online Updated 12:47 PM IST

آج دلتوں کا مسئلہ وہی لوگ اٹھا رہے ہیں جو دلتوں کے ریزرویشن کو ختم کرنا چاہتے ہیں: اشوک چودھری

پٹنہ، 5 اگست (طارق حسن)۔ دلت طالب علموں پر لاٹھی چارج کے مبینہ واقعہ پر آج پردےش کانگریس کمیٹی کے درج فہرست ذات سیل کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پردےش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر اشوک چودھری کی قیادت میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے مل کر واقعہ کی اعلیٰ سطحی جانچ کی مانگ کی ہے۔ پردےش کانگریس کے سینئر ترجمان ایچ کے ورما نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو سونپے گئے مکتوب میں کہا گیا ہے کہ دلتوں کی آڑ میں سماج دشمن عناصر کو ورغلا کر بھیڑ کی شکل میں اکٹھا کر توڑ پھوڑ کی گئی۔ ریاستی حکومت کو بدنام کرنے کے لیے طالب علموں کے گروپ میںسماج دشمن عناصر نے شامل ہوکر توڑ پھوڑ اور ہنگامہ کیا۔ ڈاکٹر اشوک چودھری نے کہا کہ آج دلتوں کا مسئلہ وہی لوگ اٹھا رہے ہیں جو آئین کے ذریعہ فراہم کردہ دلتوں کے ریزرویشن کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور جو عناصر گجرات کے اونا میں دلتوں کی پٹائی ا اور ظلم و ستم میں مشغول تھے۔ ڈاکٹر چودھری نے کہا کہ دلتوں کو اسکالر شپ کے لئے مختص رقم میں مرکزی حکومت مسلسل کٹوتی کر رہی ہے۔ گزشتہ دو برسوں 2014-15میں کل خرچ 81.92 کروڑ میں محض 30 کروڑ اور 2015-16میں 159.44 کروڑ میں محض 33.44 کروڑ کی رقم مرکزی حکومت کے ذریعہ فراہم کرائی گئی ہے۔ وزیر تعلیم ڈاکٹر اشوک چودھری نے کہا کہ بہار کی موجودہ حکومت، گاندھی جینتی2 اکتوبر سے ریاست کے ہونہار طالب علموں کی میٹرک اور انٹرمیڈیٹ سے آگے کی تعلیم کیلئے 4 لاکھ روپے کے اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ منصوبہ کا آغاز کر رہی ہے۔ ڈاکٹر چودھری نے کہا کہ بہار میں بی جے پی کے پاس اب کوئی مسئلہ نہیں ہے، اور وہ معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان الجھن پھیلا کر انہیں گمراہ کر رہی ہے۔ اس موقع پر بہار پردےش کانگریس کمیٹی کے درج فہرست ذات سیل کے چیئرمین راجےش کمار، ایم ایل اے نے وزیر اعلیٰ کو ایک مکتوب سونپا۔ وفد میں ڈاکٹر اشوک چودھری کے علاوہ ریونیو اور اصلاحات اراضی وزیر ڈاکٹر مدن موہن جھا، اکسائز و رجسٹریشن وزیر عبدالجلیل مستان، پردےش کانگریس درج فہرست سیل کے صدر راجےش کمار ایم ایل اے، ڈاکٹر دلیپ چودھری ایم ایل سی، امیتا بھوشن ایم ایل اے، پونم پاسوان، بھاوناجھا، بنٹی چودھری، تنویر اختر، امت کمار ٹنا اور سدرشن سنگھ سمیت تمام رکن اسمبلی شامل تھے۔