نکولسکیو نے ثانیہ کو دیا جیت کا کریڈٹ

نیویارک، 30 اگست (یو این آئی) رومانیہ کی مونیکا نکولسکیو نے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں فتح کے ساتھ خواتین کے سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے اور انہوں نے اپنی کارکردگی کا کریڈٹ ہندستانی ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا کو دیا ہے ۔رومانیہ کی کھلاڑی نے اپنے پہلے راؤنڈ میں 18 ویں سیڈ جمہوریہ چیک کی باربورا سٹراکووا کو 6۔3، 6۔7 ،6۔1 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کیا ۔ نیو ہیون ٹورنامنٹ میں ثانیہ کے ساتھ خاتون ڈبلز میں جوڑی بنا کر کھیل چکی نکولسکیو نے جیت کے بعد کہا کہ میں نے ثانیہ کے ساتھ کھیلا ہے اور ایک ہفتے میں ان سے بہت کچھ سیکھا۔28 سالہ کھلاڑی نے کہا کہ میں نے ثانیہ کے ساتھ کھیلا تھا اور اس دوران انہوں نے مجھے کھیل کے بارے میں بہت ساری اہم باتیں سکھائیں۔ثانیہ بہترین کھلاڑی ہیں اور ان کے اندر بہت طاقت بھی ہے ۔ان کے ساتھ کھیل کر مجھے بہت ہی مزہ آیا۔وہ بڑے شاٹ کھیل رہی تھیں اور مجھے نیٹ پر جاکر اپنا کام کرنا تھا۔دنیا کی 35 ویں نمبر کی کھلاڑی نے کہا کہ ثانیہ نے مجھے گزشتہ ٹورنامنٹ کے دوران بہت کچھ بتایا کہ کچھ ایک خاص کھلاڑیوں کے خلاف کس طرح کھیلنا چاہیے اور ان کے کھیل کو کس طرح دیکھنا چاہیے اور پھر اپنی حکمت عملی کو کس طرح لاگو کرنا چاہیے ۔
انھوں نے کہا کہ میں نے ثانیہ سے بہت سیکھا ہے اور میں ان کو میرے ساتھ کھیلنے کے لئے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔میں امید کرتی ہوں کہ مجھے دوبارہ سے ثانیہ کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے گا کیونکہ مجھے ان کے ساتھ بہت ہی مزہ آیا۔ہندستانی کھلاڑی ثانیہ موجودہ وقت میں دنیا کی نمبر ایک خاتون ڈبلز کھلاڑی ہیں۔باربورا خواتین ڈبلز میں ثانیہ کی جوڑی دار ہیں۔