گجرات کی وزیر اعلی کا استعفیٰ مرکز کیلئے اشارہ: لالو

پٹنہ ، 2 اگست (یو این آئی) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو نے گجرات کی وزیر اعلی آنندی بین پٹیل کے استعفی کے سلسلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر جم کر حملہ کرتے ہوئے کہاکہ آنندی بین نے گجرات میں ہو رہے سماجی انقلاب اور تحریکوں کے سبب ہی اپنے عہدہ سے استعفی دیا ہے جو مرکز کے لئے بڑا اشارہ ہے ۔مسٹر یادو نے گجرات کے وزیر اعلی کے استعفی کے معاملے پر ایک کے بعد ایک کئی ٹویٹ کرکے کہا ‘آنندی بین پٹیل نے گجرات میں چل رہے سماجی انقلاب اور تحریکوں کے سبب وزیر اعلی کے عہدہ سے استعفی دیاہے ۔ گجرات میں سماج کے محروم طبقات کی بے چینی جگ ظاہر ہے ۔ایک دیگر ٹویٹ میں آر جے ڈی سربراہ نے کہاکہ ‘گجرات میں ہو رہے مظاہرے سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ پیڈ میڈیا سے اپنی تشہیر ضرور کی جاسکتی ہے لیکن لوگوں کا منہ بند کرنا کافی مشکل ہے ۔گجرات کی وزیر اعلی کے استعفی سے واضح ہوگیا ہے کہ برابری اور انصاف کامطالبہ کسی بھی حکومت کو ہلانے کی قوت رکھتی ہے ۔