تاثیر پٹنہ
مورخہ ۴۱ اگست ۶۱۰۲
روح المتین احمد
پٹنہ (14اگست) آج کی دعائیہ مجلس میں مہمان خصوصی حضرت مولاناومفتی حبیب اللہ قاسمی ناظم جامعہ اسلامیہ شنجر پور اعظم گڈھ یوپی نے دعا کرانے سے قبل اپنی کلیدی خطبہ میں تمام عازمین وعازمات سے مخاطب ہوکر فرما یاآپ اس سرزمین پر تشریف لے جارہے ہیں جس کو اللہ نے خصوصیات عطا فرمائی جو کسی اور سرزمین کو عطا نہیں ہوئی۔ (۱)وہ اول عالم ہے ۔ پوری دنیا میں پانی ہی پانی تھا مٹی صر ف اسی مقام پر تھی۔ اللہ نے آسمان بنانے کے بعداسی مٹی کو پوری دنیا میں پھیلادیا۔ (۲)وہ سرزمین اول عالم کے ساتھ عصر عالم بھی ہے۔ ہم سب آدم ؑ سے پیدا ہوئے ہیں اورآدم ؑ اسی مٹی سے بنائے گئے تھے۔(۳)وہ سرزمین خداوند قدوس کی تجلیات کا مرکز ہے۔ تحة الثریٰ سے لے کر ساتوں آسمان تک اللہ کی تجلیات رہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انسا ن چاہے کتنا ہی اونچائی پر ہو یا کتنا ہی نیچے چلا جائے اسی خانہ کعبہ کی طرف رخ کرکے نماز ادا کرتے ہیں۔ (۴)وہ سر زمین وسط عالم ہے یعنی بیت اللہ پوری دنیا کے بالکل بیچ میں ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت پوری دنیا میں پھیلے اسی وجہ سے مکہ کو وسط عالم میں رکھاگیاہے۔ (۵)وہ سرزمین جہاں بیت اللہ ہے اور جو اس گھر میں داخل ہوگیا وہ مامون ہیں۔مولانا موصوف نے نوجوان سے مخاطب ہوکر فرمایا کہ آپ میں سے جن کے والد زندہ ہیں اوروہ ان سے الگ تھلک رہ کر اپنے بیوی اوربچوں کے حقوق ادا کرنے اوران کے مستقبل سنوارنے میں بالکل منہمک ہوگئے ہیں اوربوڑھے ماں باپ کو پوچھتے بھی نہیں ۔ یاد رکھو! یہ بوڑھے ماں باپ کی آہ نکل گئی تو تمہاری دنیا اورآخر ت دونوں تباہ ہوجائیں گے۔
حضرت مولانا الحاج غلام اکبر قاسمی کنوینر تنظیم تحریک ائمہ مساجد بہارنے اپنی خطبہ میں فرمایاکہ یہاں کے نظام اورعازمین وعازمات کے لئے جوانتظامات کئے گئے ہیں وہ قابل مبارک باد ہیں۔ اسی طرح جو عملہ اورکارکنان عازمین وعازمات کی خدمت میں لگے ہیں وہ بھی قابل مبارک باد ہیں اللہ ان کی قربانیوں کو قبول فرمائے۔ مولانا موصوف نے عازمین وعازمات سے مخاطب ہوکر فرمایا کہ آپ جس سرزمین پر تشریف لے جارہے ہیں وہاں جگہ جگہ پر دعا قبول ہوتی ہے اللہ ان مقامات پر آپ کی دعا قبول فرمائے۔ حج عشق ومحبت کے اظہار کا نام ہے۔ دیوانوں کی طرح سارے عازمین ایک رنگ کے دو کپڑے میں ملبوس ہوکر صرف رضائے الہی کے لئے اللہ کے حکم کے مطابق پورے ارکان کماحقہ ادا کرتے ہیں اس کے بعد حج وعمرہ کے تفصیلی مسائل کا ذکر فرمایا۔
بہار ریاستی حج کمیٹی کے عزت مآب چیئر مین حافظ الیاس عر ف سونوبابونے اپنے کلمہ تشکرمیں عازمین وعازمات سے مخاطب ہوکرفرمایاکہ کل سعودی حکومت کی جانب سے شکایتیں آئی ہیں کہ ممنوعہ اشیاءکچھ عازمین کے پاس سے ملے ہیں لہذا آپ لوگوں سے گزارش ہے کہ کسی قسم کی ممنوعہ اشیاءاپنے ساتھ نہ لے جائیں (کھینی ،گٹکھا،گل،تیل ،اچار)۔ چیئرمین موصوف نے فرمایا کہ آپ کو جو چالس دن کا وقت ملا ہے غنیمت جانیں۔لہذا اپنے اوقات کو غنیمت سمجھ کر زیاد ہ سے زیادہ وقت عبادات میں گذاریں ۔
چیئر مین موصوف نے کچھ اہم اورضروری اعلانات عازمین حج کے لئے کئے گئے(۱)مسجد نبوی اور مکہ مکرمہ کے اندر دیگر مقامات کے مقابلہ میں نماز کی فضیلت ۔ (۲)مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ کی اہم ٹیلیفون نمبر کی تفصیل حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ تمام عازمین حج کو ڈاک سے فراہم کئے گئے حج گائڈ کے صفحہ 100سے 103پر موجود ہے۔تمام عازمین حج حج گائڈکو بھی اپنے ساتھ رکھیں (۳)مفت سیم کارڈ کے لئے ایک اضافی ویزہ اورپاسپورٹ کی ذی روکس کاپی ساتھ لے جائیں جس کی ضرورت مکہ یا مدینہ ائیرپورٹ پر ہی مفت سیم کارڈ حاصل کرنے کے لئے پڑے گی ۔اس کے علاوہ ویزہ کی ایک ذی روکس کاپی عازمین حج ہمہ وقت اپنے ساتھ رکھیں (۴)مدینہ منورہ اورمکہ مکرمہ میں قیام کے دوران عازمین حج کو کھانے کا انتظام خود کرنا ہے۔ (۵) عازمین حج مکہ اورمدینہ منورہ کے قیام کے دوران ہمہ وقت حج کمیٹی آف انڈیا کی طرف سے دیاگیاکڑا اورشناختی کارڈ ضرور استعمال کریں اسے اتارکر رکھ نہ دیں ۔(۶) تمام عازمین حج کم از کم ایک جوڑا کپڑا اوراپنے استعمال کی ضروری ادویات اپنے ہینڈ بیگزمیں ضرور رکھیں تاکہ بیگیز ملنے میں تاخیر کی وجہ سے انہیں زیادہ دشواری نہ ہو۔
اجلاس کا آغاز عبدالرحمن متعلم مدرسہ تحفیظ القرآن سمن پورہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور نعتیہ کلام قاری محمداکبرپھلواری نے پیش کیا اور نظامت کے فرائض حضرت مولاناایوب نظامی ناظم مدرسہ صوت القرآن داناپورنے انجام دئے۔حضرت مولاناومفتی ثناءالہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کی دعاﺅں پر دعائیہ مجلس کا اختتام ہوا ۔آج کی دعائیہ مجلس بطور خاص مفتی عبد الرحمن، مدرسہ تحفیظ القرآن ، سمن پورہ، مولانا محمد شبلی قاسمی تنظیم ائمہ مساجد،مولانا اعجاز کریم قاسمی،مولانا گوہر امام کے ساتھ ساتھ کثیرتعداد میں فرزندگان توحید بھی دعا میں شریک ہوئے۔
آج کی پہلی فلائٹ سے جانے والے عازمین حج کی کل تعداد 135ہے جن میں81عازم اور54عازمات ہیں جو بہار کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں۔ کل کی دوسری فلائٹ کے عازمین کی کل تعداد 135 ہے جن میں81عازم اور54عازمات ہیں۔اب تک کل 3494عازمین وعازمات حج کے لئے روانہ ہوچکے ہیں ۔آج دوخادم الحجاج ہیں۔(۱)محمد منہاج الحق کورنمبرKHBRF-304-1-0ہے۔ (۲)محمد حسین کور نمبر KHBRF-309-1-0ہے۔