پٹنہ،05ستمبر،( طارق حسن): مولانا مظہر الحق عربی و فارسی یونیورسٹی کے پاٹلی پترا کیمپس میں یوم اساتذہ کے موقع سے ایک مذا کرہ ’فرقہ وارانہ ہم آہنگی: وقت کی پکار‘‘ منعقد ہوا۔ اس عنوان سے بولتے ہوئے مہمان اعزازی کے طورپر ممتاز اسلامی دانشور مولانا ابونصر فاروق نے اساتذہ کے اہم کردار کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ ہی نئی نسل کو صحیح خطوط پر آگے لے جاسکتے ہیں۔ اور انکی فکر کو مثبت راستوں پر ڈھال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ بتانے کی اشد ضرورت ہے کہ اسلام میں نفرت کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے جو بھی رسولؐ کے پیرو کارہیں۔ وہ انتقام اور بدلہ کے بارے میں نہیں سوچتے۔ وقت کا اہم تقاضہ ہے کہ ہر نقطہ فکر کے احباب سامنے آئیں۔ اور معاشرے کو ہم آہنگی کے اصول سے وابستہ کریں۔ اس کے قبل مہمانوں اور شرکاء کا استقبال کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اعجاز علی ارشد نے کہا کہ عمومی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تعلیم کی اشد ضرورت ہے، سماج میں جو منفی تبدیلیاں آرھی ہیں انہیں اخلاقی تعلیم سے بھی روکا جا سکتا ہے اور سما ج میں خیر سگالی قائم رکھی جا سکتی ہے۔مہمان اعزازی اور ماہر تعلیم محترمہ فرحت حسن نے کہا کہ سماجی خیر سگالی کے لئے لوگوں میں رواداری قائم ہونا ضروری ہے۔ ہم لوگوں کو ردِ عمل کے بجائے عمل پر بھروسہ کرنا چاہئے سماج میں الگ- الگ مزاج اور فکر کے لوگ ہوتے ہیں۔ اگر یہ مثبت ہو تو اسی سے سماج میں خوبصورتی آتی ہے اور حقیقی جمہوریت قائم ہوتی ہے۔ پروگرا م کی نظامت کرتے ہوئے کیمپس انچارج ڈاکٹر محمد اعجازعالم نے سماج اور خیر سگالی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انگریزوں کے کئی شعراء اور بالخصوص علامہ اقبال کے کئی بر محل اشعار سنا کر پروگرام کو خوبصورت بنا دیا گیا۔ تقریب کا اختتام یونیورسٹی کے رجسٹرڈ ڈاکٹر چودھری شرف الدین کے شکریہ کے کلمات سے ہوا۔
اسلام میں نفرت کے لئے کوئی جگہ نہیں : مولانا ابونصر
