اصول پرستی کے سبب لوک سبھا انتخاب میں نقصان اٹھانا پڑا : نتیش

پٹنہ 26 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ اصولوں پر ڈٹے رہنے کی وجہ سے پریشانی ہوتی ہے۔ جنتا دل یو کے گذشتہ لوک سبھا انتخاب میں اسی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے باوجود ہم نے ہار نہیں مانی ،نتیجہ سامنے ہے کہ لوک سبھا انتخاب میں شکست کے باوجود ہم حکومت بنانے میں کامیاب رہے۔ وزیراعلیٰ آج جنتا دل یو کی ریاستی کونسل کی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ پارٹی کے تنظیمی انتخابات کے بعد ریاستی صدر کی تاجپوشی کیلئے منعقد اس میٹنگ میں نومنتخب صدر وششٹھ نارائن سنگھ کی تاجپوشی سمیت تنظیم کی مضبوطی پر غور کیلئے بلائی گئی اس میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پارٹی کے قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ آئندہ 16 اور 17 اکتوبر کو راجگیر میں ہوگی۔ انہوں نے شراب بندی کے اسباب اور اس کے نتائج کے ساتھ اپنے سات عزائم کے بارے میں بھی کارکنوں کو تفصیل سے بتایا۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ شراب بندی سمیت مختلف موضوعات پر اپوزیشن حکومت کو گھیرنے کی کوشش میں ہے لیکن پارٹی کارکنوں کو اس سے گھبرانے یا گمراہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے، اصول پرستی ان کی پونجی ہے ۔شراب بندی کے فیصلے سے بہار کی شبیہ بدلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شراب بندی نافذ نہ ہونے سے سماج میں انتشار پیدا ہورہا تھا حد سے زیادہ اثر غریبوں پر پڑرہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کارکنوں سے کہا کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے میں مدد کریں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشاسن اور ترقی ان کی حکومت کی بنیاد ہے اور اس سے سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اس سے قبل پارٹی کے نومنتخب صدر وششٹھ نارائن سنگھ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ کے سات عزائم اور شراب بندی کے سلسلے میں کارکنوں سے سنجیدہ ہونے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں کی گونج قومی سطح پر سنائی دے گی ۔ انہوں نے پارٹی صدر کی ذمہ دار دوسری بار سونپنے کیلئے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور پوری طاقت کے ساتھ کام کو آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔