بھاگلپور28 ستمبر (نمائندہ): نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے شہاب الدین معاملے میں اپوزیشن کے الزامات پر بدھ کے روز سخت رویہ اپناتے ہوئے کہا کہ سیوان کے سابق ایم پی شہاب الدین کے معاملے کو اپوزیشن جان بوجھ کر ہوا بنارہا ہے۔ یہ بہار سرکار کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔ عدالت اور حکومت اپنا کام کررہی ہے۔ اس لئے عدالت کے حکم پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ بھاگلپور سرکٹ ہاؤس میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران تیجسوی نے پوچھا کہ شہاب الدین کوضمانت ملنا کوئی عجوبہ معاملہ تو نہیں ۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ پر کئی سنگین الزامات تھے ،عدالت نے انہیں بھی بری کیا تو بی جے پی اپیل میں کیوں نہیں گئی۔ اسیما نند معاملے میں اپوزیشن کیوں خاموش رہا۔ اننت سنگھ پر ہوئی کارروائی پر بی جے پی کیوں چپ ہے۔ عدالت کے حکم پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ سپریم کورٹ کی طرف سے اپنے بھائی تیج پرتاپ یادو کو نوٹس دیئے جانے پر نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے نوٹس کا جواب دیا جائے گا۔ نائب وزیراعلیٰ نے پوچھا کہ اپوزیشن بتائے کہ بہار میں جنگل راج کہاں ہے۔ جرائم کے معاملے میں ملک میں بہار کا 22 واں نمبر ہے اس سے زیادہ جرائم تو بی جے پی کی حکومت والی ریاستیں مہاراشٹر، گجرات ،مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں ہورہے ہیں۔
امت شاہ کے معاملے میں بی جے پی اپیل میں کیوں نہیں گئی : تیجسوی
