بنگال میں بند کی اجازت نہیں دی جائے گی : ممتا

کولکاتہ، یکم، ستمبر (یو این آئی)مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے آج پھر کہا کہ ان کی حکومت ‘بند کی روایت ‘کے خلاف ہے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ مرکزی ورکرز یونین کی طرف سے کل ملک بھر میں ہڑتال کے اعلان کے پیش نظر اگر کوئی دکانوں یا تجارتی اداروں کو زبردستی بند کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پایا گیا تو اسے سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے ۔محترمہ بنرجی نے کہا، “بنگال کل رکے گا نہیں.”انہوں نے لوگوں سے روزانہ کام کاج کرتے رہنے اور تمام تعلیمی اداروں، دفاتر، دکانوں، فیکٹریوں وغیرہ کو کھولے رکھنے کی اپیل کی۔ محترمہ بنرجی نے کہا کہ دکانوں، اداروں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچانے والے فسادیوں پر جرمانہ لگایا جائے گا۔ان کا یہ بیان اس وقت آیا ہے جب بائیں بازو کی جماعتوں کی قیادت میں ورکرز تنظیموں نے پوری ریاست میں بند کے لئے مہم شروع کر دی ہے ۔ سیٹو لیڈر شیامل چکرورتی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ورکرز کل سڑکوں پر مظاہرہ کریں گے اور حکومت کی طرف سے ان کے مظاہرے میں خلل ڈالے جانے کو چیلنج کے طور پر لیا گیا ہے ۔