بی جے پی،آر ایس ایس مذہب کے نام پر معاشرے کو تقسیم کر رہے ہیں : راہل

چترکوٹ 16 ستمبر (یو این آئی) مرکز کی نریندر مودی حکومت پر جارحانہ رخ برقرار رکھتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے آج یہاں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ مذہب کے نام پر معاشرے کو تقسیم کرنے کا کام کر رہے ہیں۔دیوریا سے دہلی تک 2500 کلومیٹر طویل ” کسان سفر ”پر نکلے مسٹر گاندھی نے مقامی پوددار انٹر کالج میدان پرکھاٹ سبھا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور سنگھ کو غریب اور کسانوں کے مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ وہ صرف ہندو مسلم کو لڑاکر اپنا الو سیدھا کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر نے کہا کہ ”مودی مست ہیں کسان تباہ اور عوام پریشان ہیں۔ بندیل کھنڈ کا کسان خود کشی کر رہا ہے اور ہمارے وزیر اعظم بیرون ملک کے سفر میں مست ہیں۔ ان غریب کسانوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ وہ کسانوں کے قرض کو کبھی معاف نہیں کرنے والے ہیں”۔مسٹر گاندھی نے الزام لگایا کہ اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کی حکومتیں منریگا کے پیسے کے بندربانٹ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی طرز پر بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) صرف لوگوں کو آپس میں لڑانے کا کام کرتی ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ کوئی مذہب کے نام پر لڑاتا ہے تو کوئی ذات کے نام پر۔ ان کسانوں اور غریبوں کی ترقی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ سنگھ صرف مذہب کی دلالی کرتا ہے ۔ اس کو نہ تو غریب نہ گائے اور نہ ہی کسان سے کوئی لینا دینا ہے ۔ بندیل کھنڈ کی ترقی صرف اور صرف کانگریس پارٹی ہی کر سکتی ہے اور جب مرکز میں ان کی پارٹی کی حکومت تھی تو انہوں نے بندیل کھنڈ کے لئے جو کچھ کیا وہ سامنے ہے ۔مسٹر گاندھی کے ساتھ کانگریس کے کارکن اور عہدیدار کافی پرجوش دکھائی دے رہے تھے ۔ پوددار انٹر کالج میں دو ہزار چارپائیوں کا انتظام کیا گیا تھا جس میں تقریبا پانچ ہزار کسانوں نے شرکت کی۔ پروگرام کے پہلے مسٹر گاندھی نے کامدگر ی کے درشن کئے اور سادھو سنتوں سے بھی ملاقات کی۔ بعد میں مسٹر گاندھی کا قافلہ پڑوسی ضلع باندہ کے لئے روانہ ہو گیا ہے ۔