تلنگانہ کیلئے فنڈکا مطالبہ لے کر چندر شیکھر ملے دتاتریہ سے

حیدرآباد 22۔ ستمبر (یواین آئی) تلنگانہ کے وزیراعلی چندرشیکھرراو نے آج قومی دارالحکومت نئی دہلی میں مرکزی مملکتی وزیر لیبر بنڈارودتاتریہ سے ملاقات کرتے ہوئے مرکز سے تلنگانہ کو حاصل ہونے والے فنڈس ‘امداد اور مرکزی اسکیمات کی عمل کے سلسلہ میں خصوصی دلچسپی لینے کی درخواست کی۔ دہلی میں واقع بنڈارودتاتریہ کی قیامگاہ پر ہوئی اس ملاقات کے موقع پر وزیراعلی کے ہمراہ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ جتندر ریڈی ‘ ڈاکٹر کے کیشورراو’ ڈی سرینواس’ ونودکمار اور دیگر ارکان مقننہ بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر وزیراعلی نے مرکز کے پاس مختلف کاموں سے متعلق تلنگانہ حکومت کی زیرالتواء عرضیوں کی ایک فہرست مرکزی وزیر کے حوالہ کیں اور خواہش کی کہ پسماندہ علاقوں کو مرکز سے جو فنڈس جاری کئے جاتے ہیں اس کی دوسری قسط کی اجرائی کے لئے نمائندگی کریں۔ رام گنڈم میں احیاء کئے جانے والے فرٹیلائیزرس پلانٹ کے کاموں کا فوری آغاز کرنے کے لئے مرکز سے موثر نمائندگی کرنے کی درخواست کی۔ اس پلانٹ کا وزیراعظم نریندر مودی نے سنگ بنیاد رکھاتھا۔ بعدازاں بنڈاردتاتریہ نے جن کا تعلق بھی تلنگانہ سے ہے نے یقین دہانی کروائی کہ تلنگانہ ریاست کے نمائندے کی حیثیت سے وہ مختلف مرکزی وزراء سے بات چیت کرتے ہوئے زیرالتواء کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست سے مرکز کو کافی ہمدردی اور محبت ہے ۔ خاص طور پر وزیراعظم کے علاوہ بیشتر مرکزی وزراء وزیراعلی چندراشیکھرراو کا کافی احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ میں تلنگانہ کے ارکان پارلیمان کی جانب سے اختیار کئے جانے والے رویہ سے مرکزی حکومت اور اسپیکر مطمئن ہیں۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے پالیسی فیصلوں سے قبل پارلیمنٹ میں جو مباحث ہوتے ہیں اس میں تلنگانہ کے ارکان پارلیمنٹ کا اہم رول ہوتاہے ۔