ٹوکیو، 24 ستمبر (یواین آئی) ہندوستان کی ثانیہ مرزا اور چیک جمہوریہ کی باربورا سٹرائی کووا نے اپنے جیت کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے پین پیسفک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خاتون ڈبلز کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ ثانیہ۔باربورا کی جوڑی نے چین کی چین لیانگ اور زاویان یانگ کی جوڑی کو یک طرفہ طور پر مقابلے میں چھ ۔ایک، چھ۔ایک سے شکست دے کر خواتین ڈبلز کا فائنل جیت لیا۔ ریو اولمپکس کے بعد نئی جوڑی بنانے والی ثانیہ کا چیک کھلاڑی باربورا کے ساتھ یہ تیسرا خطاب ہے ۔ ہندوستانی۔ چیک جوڑی نے اس سے پہلے گذشتہ ماہ سنسناٹی اوپن میں مارٹینا ھنگس اور کوکو وینڈویگے کو شکست دی تھی۔ سوئزرلینڈ کی ھنگس ہندوستانی ٹینس اسٹار کی سابق جوڑی دار ہیں جنہوں نے ایک ساتھ تین گرینڈ سلیم سمیت کل 14 خطاب جیتے تھے ، لیکن دونوں نے اگست میں الگ ہونے کا فیصلہ کر کے نئے کھلاڑیوں کے ساتھ جوڑی بنا لی تھی۔ ثانیہ کی ٹوکیو میں یہ تیسری خطابی جیت ہے جبکہ یہ دنیا کی موجودہ نمبر ایک خاتون ڈبلز کھلاڑی کا کل 40 واں ڈبلز خطاب ہے ۔29 سالہ ہندوستانی کھلاڑی نے اس سے پہلے پین پیسفک میں کارا بلیک کے ساتھ دو بار خطاب جیتا تھا۔
ثانیہ۔باربورا پین پیسفک چمپئن بنیں
