جرائم پیشوں سے سختی کے ساتھ نپٹیں : رگھوور

رانچی ، یکم ستمبر(معیز الدین خان): وزیراعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ عوام اور پولس کے درمیان دوری نہیں ہونی چاہئے۔ عوام کے ساتھ رابطہ بناکر جرائم پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ ہم حکمراں نہیں خدمت گار ہیں۔ ہمیں خدمت کاموقع ملا ہے اس موقع کا فائدہ اٹھائیں اور جہاں بھی مامور ہیں وہاں ایسے کام کریں کہ لوگ صدیوں تک آپ کے کام کو یاد کریں اور اس کی تعریف کریں۔ وزیراعلیٰ آج جھارکھنڈ پولس کنکلیو 2016 کا افتتاح کرنے کے بعد ریاست کے سینئر پولس اہلکاروں سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں امن چین اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی بنی رہی اس کیلئے جرائم پیشوں کے ساتھ سختی کے ساتھ پیش آئیں۔ کچھ سماج دشمن عناصر نکسلیوں کا مکھوٹا پہن کر نظم ونسق کو چنوتی دے رہے ہیں ایسے لوگوں کو کسی بھی حال میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ غریبوں کی سنیں ، ان کے ساتھ قائدے سے پیش آئیں ، ریاست کے تین کروڑ 29 لاکھ عوام کے تحفظ کی ذمہ داری پولس اہلکاروں پر ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں غیر قانونی بالو کی کھدائی کی اطلاع ہے۔ اسے فوراََ روکیں ، درختوں کی ناجائز کٹائی پر بھی روک لگائیں۔ یہ ساری ذمہ داری ایس پی کی ہے، ان چیزوں سے ریاست کے ماحولیات خطرے میں پڑرہی ہے۔