خواتین کو مزید اختیار یافتہ بنانے کیلئے اتھاریٹی کی تشکیل جلد : رگھوور

رانچی 15 ستمبر (معیز الدین خان): وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ خواتین اختیارات کی مجسمہ ہیں اور انہیں اور بھی بااختیار بنانے کیلئے حکومت محکمہ دیہی ترقیات کے تحت ایک اتھاریٹی کی تشکیل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پلامو کمشنری میں پیدا شدہ خاص محل لیز جدید کاری کامسئلہ 15 اکتوبر تک سلجھالیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ٹرانس مشن لائن درست کرتے ہوئے 2017 کے شروعات کے ساتھ ہی پوری پلامو کمشنری کو 24 گھنٹے بجلی فراہم کرانے کا اعلان بھی کیا۔ مودی نگر کے پولس اسٹیڈیم میں منعقد پلامو ڈویژنل سطح کی خواتین سیلف ہیلپ گروپ کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ رگھوور داس نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے گاؤں کے غریب کسان اور خواتین نسبتاََ زیادہ ایماندار ہیں اور اس حقیقت سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ بینکوں کے قرض واپسی کا قومی اوسط تقریباََ 50 فیصد ہے جبکہ سیلف ہیلپ گروپ کے ذریعہ لئے گئے بینک لون کی واپسی کا تناسب 95 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے پنچایتی راج اداروں میں خواتین کیلئے 33 فیصد ریزروین کا تعین کیا ہے اور بڑی تعداد میں خواتین چناؤ جیت کر آئی بھی ہیں لیکن لگاتار یہ شکایتیںآرہی ہیں کہ ان منتخب خاتون عوامی نمائندگان کے شوہر ان کے کام کاج میں مداخلت کررہے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ خاتون عوامی نمائندگان کے شوہر ایسا کرنے سے باز آئیں اور خواتین کو آگے بڑھنے کیلئے جمہوری پروسیس سے انہیں روبرو ہونے کا موقع فراہم کریں۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر بہترین مظاہرہ کرنے والے سیلف ہیلپ گروپ اور دیہی تنظیموں کو اپنے ڈسکرشنری کوٹے سے ایک ایک لاکھ روپئے بطور انعام دینے کا اعلان کیا۔