کانپور، 19 ستمبر (یو این آئی) ہندوستانی بلے باز چتیشور پجارا نے کہا ہے کہ دلیپ ٹرافی ٹورنامنٹ میں اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف جمعرات سے کانپور میں شروع ہو رہی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے پہلے ان کا اعتماد بڑھا ہے ۔پجارا نے کہا کہ میں اس بات سے متفق ہوں کہ دلیپ ٹرافی میں ڈبل سنچری ایسی اننگز تھی جس کی ضرورت مجھے ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے پہلے ہی تھی۔بنیادی طور پر ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں میں نے جو 166 رنز کی اننگز کھیلی تھی وہ ٹرننگ پوائنٹ تھا۔اس اننگز سے میرا اعتماد بڑھا۔گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز دورے پر پجارا کی کارکردگی کافی متاثر کن نہیں رہی تھی اور تیسرے ٹیسٹ میں تو انہیں آخری الیون تک میں بھی شامل نہیں کیا گیا تھا۔ٹیم مینجمنٹ نے پہلے ٹیسٹ کے آخری الیون کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن پجارا نے تین میچوں کی اس سیریز کے لئے کمر کس لی ہے ۔انہوں نے دلیپ ٹرافی میں 166 اور ناٹ آؤٹ 256 رنز کی دو بڑی اننگز کھیلیں۔28 سالہ پجارا نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میں ویسٹ انڈیز میں بھی اچھی بلے بازی کر رہا تھا بالخصوص دوسرے میچ میں جہاں میں نے 46 رنز کی اننگز کھیلی اور اس وقت رن آؤٹ ہو گیا جب تیزی سے رن بنانے کی کوشش کرنے لگا تھا۔میں مایوس تھا لیکن میں نے اپنا اعتماد کم نہیں ہونے دیا۔پجارا نے کہا کہ میں دلیپ ٹرافی کے بعد مثبت ذہنیت میں ہوں۔میں کبھی کبھی مایوس ہوتا ہوں لیکن اعتماد کو کم نہیں ہونے دیتا ہوں۔دلیپ ٹرافی میں رنز سے یقینی طور پر نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں مدد ملے گی۔مجھے نہیں لگتا کہ اب مجھے اپنی بلے بازی کو لے کر زیادہ فکر کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ بڑے اسکور بنانا آسان کام نہیں ہے اور کبھی 70 یا 80 رنز بھی ٹیم کے لئے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔ان اننگز کی تعریف بھلے ہی نہ ہو لیکن یہ ٹیم کے لحاظ سے کافی اہم ثابت ہوتی ہیں۔میرے لئے ٹیم ہی ہمیشہ ترجیح پر رہتی ہے اور مجھے اس سے اطمینان بھی ملتا ہے ۔پجارا نے کہا کہ بڑے اسکور بنانا انہیں ہمیشہ ہی اپنی طرف متوجہ کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انڈر 14 میں کھیلنے کے وقت سے ہی میرے اندر بڑا اسکور بنانے کی عادت تھی۔میری یہ عادت انڈر 19 میں اور پھر رنجی ٹرافی میں بھی برقرار رہی۔جب میں ایک بار رن بنانا شروع کرتا ہوں تو پھر اپنے قدرتی کھیل میں آجاتا ہوں۔اب میں اپنے کھیل پر پہلے سے کہیں زیادہ توجہ دے رہاہوں۔انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہنا چاہوں گا کہ میں کسی مقرر بلے بازی آرڈر پر اپنی جگہ پختہ کرنا چاہتا ہوں لیکن مجھے تیسرے نمبر پر بلے بازی کرنا پسند ہے کیونکہ اس میں چیلنج اور دباؤ زیادہ ہے ۔میں اپنے کیریئر کے آغاز سے ہی ٹاپ آرڈر پر کھیلتا آیا ہوں اور مجھے تیسرے نمبر پر کھیلنے کا کافی تجربہ ہے ۔
دلیپ ٹرافی میں رنز بنانے سے اعتماد بڑھا : پجارا
